الخیر سوسائٹی کشن باغ میں طلبہ کو کمپیوٹر و موبائل ریپرنگ کورس کی تکمیل پر اسناد کی تقسیم

الخیر سوسائٹی کشن باغ میں طلبہ کو کمپیوٹر و موبائل ریپرنگ کورس کی تکمیل پر اسناد کی تقسیم
محنت، ہنر،حلال روزگار اور ذاتی کاروبارکے ذریعے خود کفالت کا پیغام
ڈاکٹر محمدمبشر احمد، ناظم شہر جماعت اسلامی ہندعظیم تر حیدرآباد و دیگر کا خطاب
الخیر سوسائٹی کشن باغ کی جانب سے 20 طلبہ و طالبات کو کمپیوٹر کورس کی کامیاب تکمیل پر ڈاکٹر محمدمبشر احمد، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند کے ہاتھوں اسنادت سے نوازا گیا۔ نیز 10طلباء کو موبائل ریپئرنگ کورس کی تکمیل پر مہمانِ خصوصی جناب محمود خواجہ، سابق صدر رہبر سوسائٹی کشن باغ نے اسناد تقسیم کئے
۔اجلاس کی کارروائی کا آغاز ماسٹر عمار شریف کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جناب سید تفضل احمد، سیکریٹری الخیرسوسائٹی کشن باغ نے اپنے ابتدائی کلمات میں سوسائٹی کا تعارف اور اس کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی جناب محمود خواجہ نے طلبہ و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ صرف سیکھنے کی ابتداء ہے، آگے آپ کو بہت کچھ سیکھنا ہے
۔ اگر آپ خلوصِ نیت اور انتھک محنت سے سیکھنے کی کوشش کریں تو اللہ تعالیٰ آپ پر مزید علم و ہنر کے دروازے کھول دے گا اور رزقِ حلال کی توفیق عطا فرمائے گا۔ناظم شہرڈاکٹر محمد مبشر احمد نے اپنے کلیدی خطاب میں فرمایا کہ یہاں سے آپ نے جو ہنر سیکھا ہے، اس سے ذاتی کاروبار شروع کریں۔ حلال معیشت کے حصول کے لیے اللہ کے رسول ﷺ نے جو اصول بتائے ہیں، انہیں اختیار کریں
، جھوٹ سے پرہیز کریں، امانت داری اور ایفائے عہد کی پابندی کریں۔اختتامی خطاب میں محمد اسد شریف، امیر مقامی جماعت اسلامی ہند،کشن باغ و صدر الخیر سوسائٹی نے الخیر سوسائٹی کشن باغ کی جانب سے چلائے جانے والے مختلف خدمتِ خلق کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔آخر میں ڈاکٹر عبدالقادر نے شرکاء سے اظہارِ تشکر کیا۔ تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ عمل میں آیا۔



