اقرا اسکول معین باغ پرجماعت اسلامی ہند ریاست نگر کے زیر اہتمام عید ملاپ پروگرام کاانعقاد

*رمضان المبارک کے بعد بھی نیکیوں پر استقامت، تسلسل اور کردار سازی پر توجہ جاری رکھیں*
اقراء اسکول معین باغ پرجماعت اسلامی ہند ریاست نگر کے زیر اہتمام عید ملاپ پروگرام کاانعقاد
*جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ،سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند،عظیم تر حیدرآباد و دیگر کا خطاب
جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر کے زیرِ اہتمام عید ملن پروگرام بروز اتوار، اقراء ہائی اسکول نزد مینا ہوٹل، معین باغ،حیدرآباد پرمنعقد ہوا۔مہمانِ خصوصی جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ،سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند،عظیم تر حیدرآباد نے اپنے کلیدی خطاب میں عید کے حقیقی پیغام، باہمی محبت، سماجی ہم آہنگی اور ملت کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے، جو ہمیں توبہ، ایمان کی تجدید اور نیکیوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے
۔اس کے بعد بھی شریعت کی پابندی، قرآن سے تعلق اور حسنِ سلوک کو زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔حقیقی کامیابی اسی میں ہے کہ رمضان کی روح اور اس کے اثرات ہماری عملی زندگی میں مسلسل باقی رہیں۔ جناب محمد حسام الدین متین، امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر نے حاضرین کو عید کی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادات کو قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ عید صرف خوشی منانے کا نام نہیں بلکہ صبر، شکر، تقویٰ اور انسانیت سے جڑنے کا پیغام دیتی ہے۔
رمضان المبارک ہمیں ضبط نفس، دوسروں کے درد کا احساس اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے کی تربیت دیتا ہے، تاہم اصل کامیابی یہ ہے کہ رمضان کے بعد بھی ہماری زندگیوں میں مثبت تبدیلی برقرار رہے۔ انہوں نے اچھے اخلاق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان کا کردار ہی اس کی اصل پہچان ہے، اور ہمیں اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ ہمارا رویہ لوگوں کو اسلام کے قریب لا رہا ہے یا دور کر رہا ہے۔
پروگرام کی ایک خاص بات ادبی نشست اور اوپن سیشن رہا، جس میں شرکاء کو اپنے خیالات اور ادبی پیشکش کا موقع فراہم کیا گیا۔اوپن سشن کے دوران جناب ضیاء الدین بیگ کاظم،جناب محمد عماد الدین،جناب محمد بشیراحمد،جناب ذکی الدین،محمد نعیم و دیگر نے مخاطب کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق طاہر، امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، یاقوت پورہ،جناب محمد ذکی الدین،معاون امیر مقامی یاقوت پورہ بھی موجود تھے۔
پروگرام کا آغازجناب ضیاء الدین بیگ کاظم صاحب،رکن شوری جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر کے تذکیر بالقرآن سے ہوا انہوں نے قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں تقویٰ، اخوت اور اجتماعی ذمہ داریوں پر زور دیا۔حافظ محمد عبد الکریم بیگ نے نعت شریف پیش کی۔
کنوینر جناب سید عبد اللہ ہاشمی طلحہ،تنظیمی سکریٹری ریاست نگر نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کی نظامت کی۔ آخر میں تمام شرکاء کی شیر خرما سے تواضع کی گئی۔پروگرام میں ارکان، کارکنان اور متفقین نے شرکت کی۔جناب محمد معزالدین،جناب خواجہ شمس الدین و دیگر نے انتظامات کی نگرانی کی۔



