جامعہ دارالہدی ہائی اسکول و مدرسہ میں سالانہ جلسہ و دستاربندی تقریب کا انعقاد
جامعہ دارالہدی ہائی اسکول و مدرسہ میں سالانہ جلسہ و دستاربندی تقریب کا انعقاد
حفاظ اکرام کی امیرحلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین کے ہاتھوں دستار بندی
جامعہ دارالہدی ہائی اسکول و مدرسہ، وادی ہدیٰ، پہاڑی شریف روڈ، حیدرآباد میں "سالانہ جلسہ و دستاربندی تقریب 2026” نہایت شاندار اور روح پرور ماحول میں منعقد ہوئی۔ اس باوقار تقریب میں طلبہ، اساتذہ، سرپرستوں اور معزز مہمانانِ کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت جناب محمد اظہرالدین صاحب امیرِ حلقہ جماعت اسلامی ہند،حلقہ تلنگانہ نے فرمائی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب (چیئرمین شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس) اور مہمانان اعزازی جناب وی۔ سری کانتھ گوڑ (اے سی پی، شمش آباد) اور جناب بی۔ لکشمی نارائن ریڈی (ایس ایچ او، پہاڑی شریف) نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا،
جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ طلبہ نے مختلف تعلیمی و تربیتی پروگرام، تقاریر، مکالمے اور خوبصورت ثقافتی پیشکشوں کے ذریعے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔اپنے صدارتی خطاب میں امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین صاحب نے طلبہ کو دینی و عصری تعلیم کے امتزاج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے علم کے ساتھ کردار سازی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے ادارہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ دارالہدی جیسے ادارے قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں.امیر حلقہ نے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول اور سماج میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ دیگر معزز مہمانوں نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ادارہ کی تعلیمی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
تقریب کا اہم حصہ دستاربندی تھا، جس میں فارغینِ مدرسہ کی باوقار انداز میں امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین صاحب کے ہاتھوں دستاربندی کی گئی اور انہیں اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر طلبہ اور ان کے سرپرستوں میں خوشی و مسرت دیکھی گئی۔
آخر میں منتظمین کی جانب سے تمام مہمانوں، شرکاء اور معاونین کا شکریہ ادا کیا گیا اور دعا پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔یہ تقریب اپنے حسنِ انتظام، معیاری پروگرام اور پُرجوش شرکت کے باعث ایک یادگار اور کامیاب تقریب ثابت ہوئی۔جناب آصف محی الدین، ایڈمنسٹریٹر جامعہ دارالہدی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر جناب یوسف علی خان و دیگر معززین بھی موجود تھے۔





