کانگریس حکومت میں ریاست تلنگانہ کی مالی حالت انتہائی ابتر : کے کویتا

کانگریس حکومت میں ریاست تلنگانہ کی مالی حالت انتہائی ابتر
روزمرہ کے اخراجات کی تکمیل کےلئے آربی آئی سے قرض کا حصول
سی اے جی کی رپورٹ میں انکشاف۔معیشت کے استحکام کےلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں
غیر موسمی بارش سے متاثرہ کسانوں کی فی الفور مدد پر زور۔کے کویتا کا بیان
صدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے کہاکہ کانگریس حکومت ریاست کو تیزی کے ساتھ قرضوں کے دلدل میں ڈھکیل رہی ہے۔صحافتی بیان میں کویتا نے کہاکہ کانگریس حکومت میں تلنگانہ کی مالی صورتحال اس قدر ابتر ہوگئی ہے کہ روز مرہ کے اخراجات کی تکمیل کےلئے بھی ریزروبینک آف انڈیا سے قرض حاصل کرنا پڑرہاہے۔ےہ
صورتحال قابل افسوس اور انتہائی تشویشناک ہے۔صدرتلنگانہ جاگروتی نے کہاکہ سی اے جی کی سال 2024-25کی رپورٹ میں ریاست کی مالی حالت سے متعلق جو انکشافات کئے گئے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہےں۔سی اے جی کی رپورٹ سے حکومت کی ناقص معاشی پالیسیاں بے نقاب ہوتی ہیں۔انہوںنے یاددلایاکہ ماقبل انتخابات کانگریس نے ریاست تلنگانہ کی دولت میں اضافہ کا بلند بانگ دعویٰ کیاتھا اورریاست کی آمدنی غریبوں میں تقسیم کرنے کا اظہار کیاتھا۔
تاہم آج ریاست کی صورتحال کانگریس حکومت میں اس قدر ابتر ہوگئی ہے کہ ریاست مکمل طور پر قرضوں پر منحصر ہوچکی ہے۔کویتا نے کہاکہ آربی آئی سے قرض کے حصول کے ذریعہ حکومت چلانا ناکام حکمرانی کی علامت ہے۔انہوںنے بتایاکہ ایک سال کے دوران تقریباً1.30لاکھ کروڑروپئے قرض حاصل کیاگیاجبکہ 6ہزار کروڑروپئے اب تک واپس بھی نہیں کئے جاسکے۔ےہ اعدادوشمار سی اے جی کی رپورٹ میںپیش کئے گئے ہیں۔صدرتلنگانہ جاگروتی نے کہاکہ ماہانہ 12ہزار کروڑروپئے کی آمدنی کی حامل ریاست آج اپنے روزمرہ اخراجات کی تکمیل کےلئے محض 1.38کروڑروپئے کا بیالنس برقرار رکھنے سے بھی قاصر ہے۔ےہ
صورتحال ریاستی حکومت کی مالی بدانتظامی کا واضح ثبوت ہے۔انہوںنے کہاکہ کانگریس اقتدار پر فائز ہونے کے بعد نہ صرف ریاست کی دولت میں اضافہ میں ناکام رہی بلکہ بے تحاشہ قرض کے حصول کے ذریعہ ریاست کے ہر خاندان پر تقریباً9لاکھ روپئے کا بوجھ عائد کردیاہے۔کویتا نے کہاکہ اس قدر ابتر مالی صورتحال کے باوجود کانگریس حکومت فاضل بجٹ کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہی ہے۔
انہوںنے مطالبہ کیاکہ حکومت جھوٹے دعوﺅں اور جھوٹی تشہیر کے بجائے فی الفور معیشت کے استحکام کےلئے سنجیدہ اقدامات روبہ عمل لائے۔کلواکنٹلہ کویتا نے غیر موسمی بار ش سے نقصانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ جگتیال ‘کریم نگر‘سدی پیٹ اور نرمل میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچاہے۔انہوںنے کہاکہ مذکورہ بالا اضلاع میں سینکڑوں ایکر پر محیط مکئی اور آم کی تیار فصلیں تباہ ہوگئیںجبکہ تل ‘ہلدی اور دھان کی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچاہے۔انہوںنے کہاکہ کسانوں کی محنت شدید بارش کے باعث ضائع ہوگئی ہے۔حکومت کو متاثرہ کسانوں کی فی الفور مددکےلئے آگے آناچاہئے۔کویتا نے مطالبہ کیاکہ بارش سے متاثرہ ہر کسان کو مناسب معاوضہ فراہم کیاجائے تاکہ فصلوں کے نقصانات کی پابجائی ہوسکے۔



