سعودی عرب – ایکسپائر عمرہ ویزہ ہولڈز کو راحت – بغیر جرمانے کے واپسی کی سہولت

ریاض ۔ کے این واصف
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مدت سے زیادہ مملکت میں رہ جانے والے وہ عمرہ زائرین جن کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں وہ 18 اپریل تک بغیرکسی جرمانے کے اپنے ملکوں کو جاسکتے ہیں۔ یہ اعلان ان زائرین کے ایک بڑی راحت ہے۔ یہ حالیہ عرصہ میں دوسری مرتبہ جاری کیا گیاہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارتِ حج کی جانب سے پھر ایک جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کی وجہ سے مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین بروقت اپنے ملکوں کو نہ جاسکے۔ایسے زائرین جن کے ویزوں کی مدت 8 رمضان بمطابق 25 فروری 2026 کو ختم ہو گئی تھی اور وہ حالات کی وجہ سے سفر نہ کرسکے ان کے لیے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔
وزارتِ حج وعمرہ کا مزید کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے وزارت نے سول ایوی ایشن اور دیگر سرکاری اداروں کے اشتراک سے خصوصی آپریشن روم کو فعال کیا ہے جس کا مقصد عمرہ زائرین کو درپیش مشکلات کا فوری اور جامع حل پیش کرنا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ ویزے کی مدت میں توسیع کی فیس اور جرمانے کی ادائیگی کے بغیر اپنی واپسی کی سیٹ 18 اپریل سے پہلے تک کنفرم کرائیں اور مقررہ وقت ایئرپورٹ پہنچ جائیں تاکہ مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیرکسی جرمانے کے اپنے ملکوں کو بحفاظت لوٹ سکیں۔
خیال رہے مملکت کے قانون کے مطابق عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنی واپسی کو مقررہ وقت پریقینی بنائیں بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔



