مسعودہ فنکشن ہال، معین باغ میں شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ، ریاست نگر کا مرکزی اجتماع عام و عید ملاپ پروگرام کا کامیاب انعقاد
*رمضان المبارک کےبعد بھی جہد مسلسل، عمل پیہم اور تقوی کے ساتھ زندگی گزاریں۔
مسعودہ فنکشن ہال، معین باغ میں شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ، ریاست نگر کا مرکزی اجتماع عام و عید ملاپ پروگرام کا کامیاب انعقاد
*محترمہ رضوانہ رفعت صاحبہ، ناظمہ شعبہ خواتین ریاست نگر کا صدارتی خطاب و عطیہ فاروق صاحبہ کا ایس آئی آر۔اور۔ مردم شماری سے متعلق شعور بیداری لکچر*
شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر، حیدرآباد کے زیرِ اہتمام خواتین و طالبات کے لئے ماہانہ مرکزی اجتماع عام و عید ملاپ پروگرام بروز اتوار، 5،اپریل 2026ء، بوقت سہ پہر تین 3بجے، مسعودہ فنکشن ہال،معین باغ حیدرآباد پر منعقدہوا۔ یہ پروگرام خواتین میں دینی و سماجی شعور بیدار کرنے اور رمضان المبارک کے بعد کی زندگی کو بہتر خطوط پر استوار کرنے کے عنوان سے ترتیب دیا گیا تھا۔ ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ریاست نگر محترمہ رضوانہ رفعت صاحبہ نے اپنے صدارتی خطاب میں عید کے حقیقی پیغام،باہمی محبت اور موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات کی تلقین کی کہ آج ہمیں استقامت کے ساتھ دین پر جم جانے کی ضرورت ہے ،رمضان المبارک میں عبادات کی کثرت کے بعد عید بندوں کے لئے اللہ کی جانب سے ایک تحفہ ہےمگر یہ صرف خوشیاں منانے کا نام نہیں بلکہ مجبوروں و بے کسوں کے درد کا احساس اور امت کے درمیان اتحاد کا پیغام دیتی ہے
۔ پروگرام کا آغاز محترمہ فرزانہ بیگم صاحبہ (کارکن جماعت اسلامی ہند، سنتوش نگر ڈویژن) کے درس قرآن سے ہوا جس میں انہوں نے انفاق کے ثمرات اور سود کی مذمت اور نقصانات کو بیان کیا۔محترمہ حافظہ رقیہ امة السلام صاحبہ (رکن جماعت سنتوش نگر ڈویژن) نے باری تعالی کی بارگاہ میں حمد کا نظرانہ پیش کیا۔محترمہ عرشیہ یاسمین صاحبہ (کارکن،سنتوش نگر ڈویژن ) نے تقوی کے عنوان پر جامع درس حدیث پیش کی ۔ ”رمضان کے بعد ہماری زندگی“ کے عنوان پرعالمہ آمنہ فردوس صاحبہ (کارکن، معین باغ ڈویژن) نے مخاطب کرتے ہوئےکہاکہ ہمیں رمضان کے تربیتی اثرات کو باقی رکھنے اور عملی زندگی میں اسلامی اقدار کو اپنانے کی ضرورت ہے، ہم اس سوت کاتنے والی بڈھیا کی طرح نہ ہو جائیں جس کی مثال دیتے ہوئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ وہ دن بھر سوت کاٹتی ہے پھر شام کو اپنے ہاتھوں اسکے ٹکڑے ٹکڑے کر دیتی ہے۔رمضان ہمیں جہد مسلسل اور عمل پیہم کی تعلیم دیتا ہے
۔مہمانان خصوصی محترمہ عطیہ فاروق صاحبہ اور محترمہ اسماء اکرم صاحبہ،بی ایل او،سنتوش نگر کے S.I.R اور مردم شماری پر شعور بیداری خطابات ہوئے اور انہوں نےسامعات کے سوالات کے جوابات دیئے اور ممکنہ رہنمائی بھی کی۔حالات کی مناسبت سے ماسٹر عبد العزیز بسام نے فلسطین کا ترانہ پیش کرکے سامعین کے دلوں کو گرمادیا
۔مہر شہناز صاحبہ (رکن، معین باغ ڈویژن) نے پروگرام کی کارروائی چلائی ۔محترمہ نکہت فاطمہ صاحبہ(معاون ناظمہ شعبہ خواتین ریاست نگر )کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔محترمہ فاطمہ بیگم صاحبہ(ناظمہ ریاست نگر ڈویژن ) نے تمام مہمانوں اور شریکات کا شکریہ ادا کیا۔



