جنرل نیوز

سرکاری ملازمین عوام کیلئے ہمیشہ صحت مند و مستعد رہے ، آئی اے ایس ہری چندنا داسری

نیو ٹاؤن چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے دفتر کلکٹر حیدرآباد میں کامیاب فری میگا ہیلتھ کیمپ کا انعقاد

حیدرآباد 7 اپریل (پریس نوٹ) ”اگر سرکاری ملازمین اپنی صحت کی دیکھ بھال کریں گے تو وہ عوام کی بہتر طور پر خدمت کر سکیں گے۔ اس لیے سرکاری ملازمین اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں اور سرکاری ملازمین عوام کیلئے ہمیشہ صحت مند و مستعد رہے “۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ ہری چندنا داسری، آئی اے ایس، کلیکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ حیدرآباد نے یہاں حیدرآباد کلکٹریٹ دفتر میں منعقدہ فری میگا ہیلتھ کیمپ کے دورے کے دوران کیا۔

 

یہ ہیلتھ کیمپ نیو ٹاؤن چیریٹیبل ٹرسٹ، حیدرآباد کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ اس دوران کلکٹر آفس کے تقریباً 120 ملازمین کی طبی جانچ و معائنہ کیا گیا۔ جس میں آنکھوں کا معائنہ، بی پی چیک، بلڈ شوگر ٹسٹ، نیوروپیتھی ٹسٹ، چیسٹ ایکسرے اور دیگر معائنے کیے گیے۔ اس موقع پر محترمہ ہری چندنا داسری، آئی اے ایس، کلیکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ حیدرآباد نے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے

 

نیو ٹاؤن چیریٹیبل ٹرسٹ (NTCT) حیدرآباد کی خدمات کو سراہا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار ہے۔ کلکٹر صاحبہ نے بھی مع اسٹاف خود اپنی آنکھوں کا معائنہ کرایا۔ یہ کیمپ صبح 10 بجے تا 5 بجے تک جاری رہا۔ پروفیسر ڈاکٹر فراز فرشتہ ایم بی بی ایس، ایم ڈی، ڈی این بی، دیگر ماہر ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ عملے نے خدمات انجام دیں۔ طبی ٹیم کی قیادت ڈاکٹر عبدالقادر (MBBS, MS آپتھلمولوجی) نے کی۔

 

ان کے ساتھ آپٹومیٹرسٹ محمد مظفر خان، سینئر صحافی عبدالقادر، محمد معراج خان، محمد ارشد اور محمد انجم الحق شامل تھے۔ آپٹیکل تعاون محمد صادق خان اور عقیل مرزا نے فراہم کیا، جبکہ ایم ایم آپٹیکلز، جہاں نما حیدرآباد نے اس پروگرام میں معاونت کی۔ اسکریننگ کے نتائج کی بنیاد پر جن ملازمین کو چشموں کی ضرورت تھی انہیں نیو ٹاؤن چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے مفت پاور والے چشمے فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر جناب سید رضوان حیدری، سینیئر ایڈوکیٹ و سیکرٹری نیو ٹاؤن چیریٹیبل ٹرسٹ نے کلیکٹر حیدرآباد کا استقبال کیا

 

اور ٹرسٹ کی فلاحی سرگرمیوں کا مختصر تعارف پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیو ٹاؤن چیریٹیبل ٹرسٹ سماجی خدمت کے جذبے کے تحت مختلف تعلیمی اور طبی پروگراموں کا انعقاد کرتا رہتا ہے اور آئندہ بھی اس طرح کے فلاحی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔جناب منور صابر خان وائس چیئرمین ٹرسٹ نے مہمانوں کا استقبال کیا

 

جناب محمد نیاز احمد خازن ٹرسٹ نے ہیلتھ چیک اپ کے لیے سرکاری ملازمین کی رہنمائی کی ۔ تقریب میں کلکٹر آفس کے اعلیٰ عہدہ داران، عملہ اور نیو ٹاؤن چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button