تین ریاستوں میں ووٹوں کی جنگ شروع: کیرالا، آسام اور پدوچیری میں فیصلہ کن پولنگ جاری

ملک میں کیرالا، آسام اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پدوچیری میں اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ صبح 7 بجے ووٹنگ کا آغاز ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ نتائج 4 مئی کو جاری کئے جائیں گے
کیرالا کی تمام 140 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے، جہاں برسرِ اقتدار ایل ڈی ایف تیسری بار اقتدار حاصل کرنے کی کوشش میں ہے، جبکہ یو ڈی ایف اور این ڈی اے سخت مقابلہ پیش کر رہے ہیں۔ ریاست میں 2.71 کروڑ سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔آسام کی 126 نشستوں پر بھی ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہو رہی ہے، جہاں این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
پدوچیری کی 30 اسمبلی نشستوں پر بھی ووٹنگ جاری ہے، جہاں این ڈی اے اور کانگریس-ڈی ایم کے اتحاد کے درمیان مقابلہ ہے۔ الیکشن کمیشن نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے نگرانی کا نظام بھی قائم کیا ہے۔



