انٹر نیشنل

ہندوستان ہر صورت میں سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ سفیر ہند 

ریاض ۔ کے این واصف 

کمیونٹی سے تال میل کے حصے کے طور پر، سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے جمعرات کی رات ریاض کے “انڈیا ہاؤس” میں ہندوستانی کمیونٹی کے اراکین کے لیے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس اجتماع کو ایک خاص اہمیت کی نظر سے دیکھا گیا جو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے پائیدار جذبے کا اظہار تھا۔

 

اس موقع پر کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہند ڈاکٹر اعجاز خان نے ہندوستانی کمیونٹی کی بہترین الفاظ میں ستائش کی جنہون نے موجودہ صورتحال کے دوران قابل ستائش تحمل کا مظاہرہ کیا۔ سفیر ہند نے کمیونٹی کے ارکان کا سعودی دوستوں اور بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے طریقے کو خاص طور پر سراہا جو باہمی احترام اور تعاون کے گہرے احساس کی عکاسی کرتا ہے۔

 

اس موقع پر سفیر ہند ڈاکٹر اعجاز لان نے کمیونٹی کو بلاتعطل مدد فراہم کرنے کے لیے سفارت خانے کے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والے سفارت خانے کے مشورے پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ کمیونٹی سے ہر وقت رسائی کو یقینی بنانے کے لیے سفارت خانے میں 24 گھنٹے ہیلپ لائن کام کر رہی ہے۔ قونصلر خدمات بغیر کسی رکاوٹ کے مؤثر طریقے سے فراہم کی جارہی ہیں

 

اور مشکل حالات میں بھی قونصلر کیمپوں کا اہتمام بھی جارہا ہے تاکہ کمیونٹی کے اراکین جہاں رہتے اور کام کرتے ہیں، ان تک پہنچ کر مدد فراہم کریں۔ سفیر نے سی بی ایس ای امتحانات سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے اسکولوں اور والدین کے ساتھ تال میل میں کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ JEE امتحانات حال ہی میں مملکت میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے۔

 

سفیر نے اس بات اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ ہندوستان اپنی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی حمایت میں ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے مملکت کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا بھی اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان خطے میں امن، بات چیت اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

 

سفیر ہند نے کمیونٹی رہنماؤں اور رضاکاروں کی انتھک حمایت اور تعاون کے لیے تہہ دل سے اظہار تشکر کرتے ہوئے، کمیونٹی کے اراکین کی حمایت میں ان کے اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے اپنی گفتگو کا اختتام کیا۔ آخر میں انھون نے سفارتخانے کی جانب سے بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ کمیونٹی کو درکار مدد اور ہر طرح کی خدمات انڈین ایمبیسی فراہم کرے گی۔

 

انھوں نے کہا کہ سفارتخانے کے دروازے کمیونٹی کے لئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں اور اراکین کے لیے ہم آسانی سے قابل رسائی رہیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button