جنرل نیوز

نارائن پیٹ میں تکمیلِ حفظِ قرآن کی روح پرور تقریب، حافظ عبدالمنیب کی شاندار پذیرائی

نارائن پیٹ : 11 اپریل (اردو لیکس) نارائن پیٹ شہر میں آج ایک نہایت روحانی، باوقار اور بابرکت تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں حافظ عبدالمنیب ولد حافظ چاند پاشاہ صاحب (لیکچرر، گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ) کی تکمیلِ حفظِ قرآنِ مجید کی خوشی منائی گئی۔ جنہوں نے مولانا حافظ و قاری مفتی محمد شفاعت علی نظامی اور مولانا حافظ و قاری محمد وسیم اکرم پٹیل کی زیر نگرانی مدرسہ دارالعلوم دینیہ جامع مسجد نارائن پیٹ ( ملحقہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد) سے حفظ قرآن کی تکمیل کی ۔

یہ پروقار تقریب نواب گارڈن فنکشن ہال، نارائن پیٹ میں منعقد ہوئی، جہاں شہر کے معززین، علمائے کرام، اساتذہ، طلبہ اور عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر حافظ عبدالمنیب کی بکثرت گلپوشی اور شال پوشی کی گئی اور انہیں اس عظیم کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی۔ شرکاء نے ان کے والد حافظ چاند پاشاہ صاحب اور اہلِ خانہ کو بھی اس دینی کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب میں موجود علماء اور معززین نے حافظ عبدالمنیب کے لیے خصوصی دعائیں کیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں قرآنِ پاک کا سچا خادم بنائے، اس پر عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔

مہمانوں کی تواضع کا بھی بہترین اہتمام کیا گیا تھا، جہاں آنے والے تمام شرکاء کے لیے پرتکلف ضیافت پیش کی گئی۔

تقریب کی نگرانی و سرپرستی حافظ عبدالمنیب کے تایا جناب عبدالمجیب پرنسپل گورنمنٹ جونیر کالج دھنواڑہ نے فرمائی جبکہ چچا محبوب علی ، ماموں اقبال احمد ، پھوپھا غلام رسول ودیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

آخر میں شرکاء نے اس بابرکت محفل کو ایک یادگار موقع قرار دیتے ہوئے میزبان خاندان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی دینی تقاریب معاشرے میں نیکی اور دین کی روشنی کو عام کرنے کا ذریعہ بنتی رہیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button