حج سیزن 2026 – مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے 25 شوال المکّرم سے پرمٹ لازمی

ریاض ۔ کی این واصف
حج انتظامات میں سہولت کی خاطر ایام حج کی ابتداء سے بہت قبل حدود مکہ میں عام داخلہ پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں امسال وزارت داخلہ نے 25 شوال المکّرم 1447ھ سے مکہ پرمٹ پر عملدر آمد کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے”کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے لازمی پرمٹ کے اجرا کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
وزارت نے ان افراد کو ہدایت کی، جن کے اقامہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ ہیں اور وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے مکہ یا مشاعرہ مقدسہ میں جاتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ رواں حج سیزن کے لیے مکہ پرمٹ کے اجرا کے لیے “ابشر” یا “مقیم” پلیٹ فارم پر درخواست جمع کرائیں، جس کا جائزہ لینے کے بعد ڈیجیٹل پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔
وزارت نے پرمٹ کے لیے یونیفائیڈ پورٹل “منصبہ تصریح” بھی لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے مکہ و مشاعر مقدسہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ (تصریح عربی میں اجازت نامہ کو کہتے ہیں)۔ وزارت کا کہنا تھا کہ حج ویزہ ہولڈر کے علاوہ کسی کو بھی 18 اپریل 2026 سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج ویزا ہولڈر کے علاوہ دیگر وزٹ یا دیگر قسم کی عارضی ویزا رکھنے والے کا اس مدت کے بعد مکہ مکرمہ میں قیام غیر قانونی تصّور کیا جائے گا۔
عمرہ ویزا ہولڈرز کے لیے وزارت کی جانب سے عرصہ قبل سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل 2026 تک اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں۔



