”ڈاکٹر بن کر قوم و ملت کی خدمت کرنا چاہتی ہوں “۔ انٹر میں ریاست بھر میں سب سے زیادہ مارکس اسکور کرنے والی ایم ایس کی طالبہ حفصہ بیگم کا خصوصی انٹرویو

حیدرآباد، 18 اپریل (پریس ریلیز)ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی ہونہار طالبہ حفصہ بیگم نے انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر 2026 میں بائی پی سی گروپ میں 1000 میں سے شاندار 997 نشانات حاصل کرتے ہوئے ریاستی سطح پر سب سے زیادہ مارکس حاصل کرنے والے طالب علم ہونے کا مقام حاصل کیا ہے۔ یہ غیر معمولی کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ ایم ایس کی تعلیمی روایت میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ بھی ہے۔
اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے حفصہ نے کہا، ”میں اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی بے حد شکر گزار ہوں، اپنی والدہ، اساتذہ اور ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی مشکور ہوں جنہوں نے ہر قدم پر میری رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔ 997 نمبر حاصل کرنا میرے لئے ایک خواب کی تعبیر تھا،میری راتوں کی محنت اور صبحوں کی جدوجہد رنگ لائی۔ “
ایم ایس کے ساتھ حفصہ کا تعلیمی سفر آٹھویں جماعت سے شروع ہوا۔ کووِڈ کے دوران آن لائن تعلیم اور نئے ماحول کے باوجود انہوں نے جلد خود کو ہم آہنگ کرلیا۔ وہ کہتی ہیں، “جب میں نے 8ویں کلاس میں ایم ایس جوائن کیا تو سب کچھ نیا تھا، مگر اساتذہ اور دوستوں کے تعاون نے مجھے اعتماد دیا۔ اسی ماحول نے مجھے مسلسل آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔” انہوں نے دسویں جماعت میں 9.7 سی جی پی اے حاصل کیا، جبکہ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں 440 میں سے 439 نشانات حاصل کیے، جو ان کی مسلسل کارکردگی کا ثبوت ہے۔
حفصہ بیگم ایم ایس کے خصوصی ہیونلی ہارٹس اسکالرشپ کی مستفید طالبہ بھی رہیں ۔اس اسکالر شپ نے کووِڈ کے دوران ذاتی صدمے کے باوجود ان کی تعلیم کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنی کامیابی کی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ” میری تیاری کا راز مسلسل ریویژن، خود احتسابی اور ہر امتحان میں سنجیدگی سے شرکت ہے۔ شروع میں نیٹ اور انٹر میڈیٹ کو ساتھ لے کر چلنا مشکل لگا، لیکن اساتذہ اور دوستوں کی مدد سے یہ ممکن ہوا۔“
حفصہ بیگم ایم ایس کے اُن ممتاز طلبہ کی روایت میں شامل ہوگئی ہیں جنہوں نے ریاستی اوّل نشانات حاصل کیے ہیں، جس کا آغاز 2005 میں عائشہ فاطمہ سے ہوا تھا۔ یہ تسلسل ادارے کی تعلیمی برتری کا واضح ثبوت ہے۔
مزید برآں، کے انٹرمیڈیٹ میں شاندار مظاہرہ پر ایم ایس مینجمنٹ کی جانب سے حفصہ بیگم اوران کی والدہ کو عمرہ کی سعادت کے لیے بھی بھیجا جائے گا۔ اس پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے حفظہ نے کہا، ”میں ایم ایس کی بے حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اور میری والدہ کو عمرہ جیسی عظیم سعادت کا تحفہ دیا،یہ میرے لیے ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔ “
ایم ایس جونیئر کالج کی مجموعی کارکردگی بھی اس سال نہایت شاندار رہی، جہاں 55 طلبہ نے 990 سے زائد نشانات حاصل کیے۔ بائی پی سی اور ایم پی سی دونوں شعبوں میں 618 طلبہ نے950 پلس اور 1126 طلبہ نے 900 پلس اسکور حاصل کرتے ہوئے ادارے کے مضبوط تعلیمی نظام کو ثابت کیا۔
فی الحال حفصہ نیٹ (NEET) کی تیاری میں مصروف ہیں اور پُر امید ہیں کہ وہ پہلی ہی کوشش میں ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کریں گی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈاکٹر بن کر قوم و ملت کی خدمت کریں گی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، ”میں اپنی کمیونٹی کی لڑکیوں اور ان کے والدین سے کہوں گی کہ تعلیم کے حصول میں کبھی پیچھے نہ ہٹیں اور ہر میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ رکھیں۔“
حفظہ بیگم کی کامیابی صرف ایک طالبہ کی داستان نہیں بلکہ حوصلہ، استقامت اور ادارہ جاتی تعاون کی ایک روشن مثال ہے، جو بے شمار طلبہ کو یقین، محنت اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہونے کی ترغیب دیتی ہے۔




