ایجوکیشن

جی ایس کالج کھام گاؤں میں بی اے اُردو (آنرز) اُردو میڈیم میں داخلوں کا آغاز، مستحق طلبہ کے لیے فیس میں رعایت کا اعلان

کھام گاؤں (نامہ نگار): ودربھ خطے کے قدیم، معتبر اور شہرہ آفاق تعلیمی ادارے جی ایس سائنس، آرٹس اینڈ کامرس کالج کھام گاؤں ضلع بلڈانہ میں تعلیمی سال 2026-2027کے لیے بی اے اُردو (آنرز) اُردو میڈیم میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ سن1947میں قائم ہونے والا یہ تاریخی ادارہ گزشتہ کئی دہائیوں سے معیاری تعلیم، بہترین تدریسی روایت، علمی ماحول اور طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کے لیے پورے ودربھ خطے میں نمایاں شناخت رکھتا ہے۔

 

اس ادارے سے تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلبہ آج ملک اور بیرونِ ملک مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اب اسی تعلیمی روایت کو مزید مضبوط کرتے ہوئے کالج میں بی اے اُردو (آنرز) اُردو میڈیم کورس کا آغاز کیا گیا ہے، جس سے اُردو زبان و ادب سے دلچسپی رکھنے والے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

 

سنت گاڑگے بابا امراؤتی یونیورسٹی،امراؤتی کی منظوری کے بعد کالج میں بی اے اُردو (آنرز) ڈگری شروع کی گئی ہے، جو قومی تعلیمی پالیسی دو ہزار بیس کے تحت جدید تقاضوں کے مطابق ترتیب دی گئی ہے۔ اس نئے کورس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں داخلہ لینے والے طلبہ کو صرف گریجویشن تک محدود نہیں رہنا پڑے گا بلکہ وہ اسی ادارے سے اپنی پوسٹ گریجویشن تک کی اعلیٰ تعلیم بھی مکمل کر سکیں گے۔ اس سہولت سے طلبہ کو نہ صرف تعلیمی تسلسل حاصل ہوگا بلکہ انہیں تحقیق، تنقید، تدریس، صحافت، ترجمہ، ذرائع ابلاغ، مسابقتی امتحانات اور سول سروس جیسے مختلف شعبوں میں بہتر مستقبل بنانے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

 

رواں سال بارہویں جماعت کا امتحان آرٹس، سائنس یا کامرس کسی بھی میڈیم سے کامیاب کرنے والے تمام طلبہ اس کورس میں داخلہ لینے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ کالج انتظامیہ کے مطابق ایسے طلبہ جو اُردو زبان و ادب سے محبت رکھتے ہیں اور اپنی علمی و پیشہ ورانہ زندگی میں مضبوط بنیاد قائم کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے یہ کورس نہایت مفید ثابت ہوگا۔ کالج میں جدید کتب خانہ، ہزاروں علمی و تحقیقی کتابوں کا ذخیرہ، انٹرنیٹ سہولیات، جدید تجربہ گاہیں، تحقیقی ماحول اور تجربہ کار اساتذہ کی رہنمائی دستیاب ہے، جس سے طلبہ کی تعلیمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو نئی سمت ملے گی۔

 

داخلے کے خواہش مند امیدوار کالج کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن فارم بھر سکتے ہیں، جبکہ کالج کے دفتر سے معلوماتی کتابچہ حاصل کرکے اس میں دی گئی ہدایات کے مطابق بھی درخواست جمع کی جا سکتی ہے۔ داخلے کے لیے بارہویں جماعت کی اصل مارک شیٹ، ٹرانسفر سرٹیفکیٹ، دو عدد رنگین پاسپورٹ سائز تصاویر، والدین کا آمدنی سرٹیفکیٹ، آدھار کارڈ اور تمام متعلقہ دستاویزات کے تین تین فوٹو کاپی سیٹ جمع کروانا ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ داخلہ عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

 

کالج انتظامیہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات کا بھی اعلان کیا ہے۔ جی ایس کالج میں داخلہ لینے والے مستحق طلبہ مرکزی و ریاستی حکومت کی مختلف وظیفہ اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جن میں اقلیتی طلبہ کے لیے پانچ ہزار روپے تک کی مالی امداد بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ادارے نے اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ ایسے باصلاحیت طلبہ جو مالی دشواریوں کی وجہ سے داخلہ لینے سے محروم رہ جاتے ہیں یا داخلہ فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، وہ مایوس ہونے کے بجائے شعبۂ اُردو سے رابطہ کریں۔ کالج انتظامیہ اور شعبۂ اُردو کی جانب سے ایسے طلبہ کی مکمل رہنمائی کی جائے گی اور ان کی فیس سے متعلق مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق طالب علم صرف مالی مشکلات کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

 

کالج میں اُردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے نہایت سازگار اور علمی ماحول فراہم کیا گیا ہے جہاں طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ادبی سرگرمیوں، علمی مذاکروں، تربیتی ورکشاپس، تحقیقی منصوبوں اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ادارہ نہ صرف ضلع بلڈانہ بلکہ پورے ودربھ خطے میں اُردو تعلیم کے ایک مضبوط مرکز کے طورپر اپنا مقام اور مرتبہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔

 

داخلے سے متعلق کسی بھی قسم کی رہنمائی، کورس کی تفصیلات یا دیگر معلومات کے لیے طلبہ اور سرپرست شعبۂ اُردو کے صدر ڈاکٹر محمد راغب ڈاکٹر محمد طالب دیشمکھ سے براہ راست موبائل نمبرات 9422926544 یا 7972780976 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ کالج انتظامیہ نے تمام طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلد اپنا داخلہ یقینی بنائیں کیونکہ محدود نشستوں پر داخلہ جاری ہے اور معیاری تعلیم ہی روشن مستقبل کی اصل ضمانت ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button