ایس ایس سی 2026 میں کامیاب ایم ایس کے 70 حفاظِ قرآن طلبہ کی تہنیتی تقریب، محمد لطیف خان کی طلبہ کو “بھیڑ چال” سے بچنے کی تلقین

حیدرآباد، 18مئی 2026:ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں SSC امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے حفاظِ قرآن طلبہ کے اعزاز میں ایک پُروقار تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں کامیاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران کامیاب حفاظِ قرآن کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں ان کی علمی و دینی کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈ یمی کے بانی و چیئرمین جناب محمد لطیف خان نے کہا کہ اس سال SSC امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں 77 حفاظِ قرآن شامل ہیں، جو ایک غیر معمولی و قابلِ فخر کامیابی ہے۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “آپ معمولی نہیں بلکہ غیر معمولی ہیں” اور قرآن سے وابستہ زندگی ہی حقیقی سکون اور کامیابی کی زندگی ہے۔ انہوں نے “قرآن والی زندگی” اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مادّی چکاچوند کے بجائے قرآن سے جڑی زندگی دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی کا ذریعہ بنتی ہے۔
محمد لطیف خان نے نوجوانوں کو “بھیڑ چال” سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ صرف ڈاکٹر یا انجینئر بننے کی سوچ تک خود کو محدود نہ کریں بلکہ اپنی صلاحیت، رجحان اور دلچسپی کو سمجھتے ہوئے قانون ، جوڈیشری اور چارٹرڈ اکاؤنٹنسی جیسے باوقار اور وسیع مواقع رکھنے والے شعبوں پر بھی غور کریں۔
انہوں نے ایم ایس جونیئر کالج کے پریمیم انٹرمیڈیٹ سی ای سی کے ساتھ کلاٹ پروگرام کا بھی تعارف پیش کیا اور بتایا کہ حفاظِ قرآن طلبہ کے لیے خصوصی رعایت دی جا رہی ہے تاکہ وہ نیشنل لا یونیورسٹیز جیسے اعلیٰ اداروں میں داخلے کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔
اس موقع پر ایم ایس کے مینیجنگ ڈائریکٹرس جناب انور احمد اور ڈاکٹر معظم حسین نے بھی ایس ایس سی میں کامیاب حفاظِ قرآن سے خطاب کیا، انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں ایم ایس کی وائس چیئرپرسن محترمہ نزہت خان اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب حفاظِ قرآن طلبہ کی گلپوشی و تہنیت عمل میں آئی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی گئی۔




