والدین اور اساتذہ کا مضبوط ربط ہی روشن مستقبل کی ضمانت

والدین اور اساتذہ کا مضبوط ربط ہی روشن مستقبل کی ضمانت
بچوں کی باقاعدہ حاضری، اخلاقی تربیت اور معیاری تعلیم کے لیے والدین کا تعاون ناگزیر: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
حکومتِ تلنگانہ کی ہدایت پر گورنمنٹ ہائی اسکول دارالشفا، بہادرپورہ منڈل میں ماہانہ پیرنٹس۔ٹیچرز میٹنگ، کثیر تعداد میں اولیائے طلبہ کی شرکت
حیدرآباد، 18 جولائی (پریس ریلیز):
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی اساس اور مہذب معاشرے کی پہچان ہے، جبکہ اس مضبوط عمارت کی بنیاد والدین، اساتذہ اور درسگاہ کے باہمی اعتماد، تعاون اور مسلسل رابطے پر قائم ہوتی ہے۔ جب گھر کی بہترین تربیت اور اسکول کی معیاری تعلیم ایک دوسرے کا ساتھ دیں تو طلبہ نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہیں بلکہ اخلاق، کردار، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داری جیسے اوصاف سے بھی آراستہ ہوتے ہیں۔ حکومتِ تلنگانہ کا محکمۂ تعلیم اسی حقیقت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہر ماہ کے تیسرے ہفتہ پیرنٹس۔ٹیچرز میٹنگ (PTM) کے انعقاد کو یقینی بنا رہا ہے تاکہ والدین اور اساتذہ کے درمیان مضبوط ربط قائم ہو اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کی راہیں ہموار ہوں۔
اسی سلسلے میں حکومتِ تلنگانہ کے محکمۂ تعلیمات کے ڈائریکٹر کی ہدایات کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول دارالشفا، بہادرپورہ منڈل، حیدرآباد میں ماہانہ پیرنٹس۔ٹیچرز میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اجلاس کی صدارت ہیڈ ماسٹر، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں اولیائے طلبہ، اساتذہ اور معلمات نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ کسی بھی بچے کی تعلیمی کامیابی صرف اسکول کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین اور اساتذہ کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہوتی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی روزانہ حاضری کو یقینی بنائیں، ان کی تعلیمی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھیں، گھروں میں مطالعہ کا ماحول پیدا کریں، موبائل فون اور دیگر غیر ضروری مصروفیات سے بچوں کو محفوظ رکھیں اور اسکول سے مستقل رابطہ برقرار رکھیں تاکہ ہر طالب علم اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی کی منازل طے کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم، جدید سہولیات، مفت درسی کتب، یونیفارم، مڈ ڈے میل اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، لہٰذا والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور بچوں کی غیر حاضری کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کریں، کیونکہ مسلسل غیر حاضری تعلیمی معیار کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
اس موقع پر اساتذۂ کرام جناب محمد مسعودالدین احمد، جناب امجد حسین عاقل، جناب ظہیرالدین اور دیگر اساتذہ و معلمات نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے والدین کو طلبہ کی باقاعدہ حاضری، گھریلو مطالعہ، اخلاقی تربیت، صفائی، وقت کی پابندی، امتحانی تیاری اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بچوں کی بھرپور رہنمائی کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی فعال شرکت سے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر ہوتی ہے بلکہ ان کے اعتماد، شخصیت اور کردار کی تعمیر میں بھی نمایاں مدد ملتی ہے۔
اجلاس کے دوران والدین نے اساتذہ سے اپنے بچوں کی تعلیمی پیش رفت، حاضری، اخلاقی رویوں اور مستقبل کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی اصلاحی و تعلیمی کاوشوں کو سراہا۔
آخر میں والدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے بچوں کی باقاعدہ حاضری، بہتر تعلیم، عمدہ اخلاق اور روشن مستقبل کے لیے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے، جبکہ اسکول انتظامیہ نے بھی ہر طالب علم کی تعلیمی و اخلاقی ترقی کے لیے اپنی خدمات مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



