نارائن پیٹ ضلع میں ایل نینو کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں: کلکٹر پرینکا

نارائن پیٹ ضلع میں ایل نینو کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں: کلکٹر پرینکا
نارائن پیٹ: 23 اکتوبر (اردو لیکس) ضلع میں بارش کی کمی کے پیش نظر ایل نینو کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام محکموں کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ پیشگی اقدامات کریں۔ یہ ہدایت ضلع کلکٹر پرینکا نے دی۔ جمعہ کی شام کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں کلکٹر نے پینے کے پانی کی سربراہی، زراعت، صحت عامہ اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ نومبر اور دسمبر کے دوران منڈل اور دیہی سطح کے عہدیدار فیلڈ میں دورے کرتے ہوئے پینے کے پانی کی ضروریات اور آبی ذخائر کی دستیابی کا جائزہ لیں۔ عوام میں پانی کے کفایت شعاری سے استعمال کے تعلق سے شعور بیدار کیا جائے اور متبادل آبی سربراہی کے لیے عملی منصوبے تیار کیے جائیں۔ کلکٹر نے محکمہ زراعت اور باغبانی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بارش کی کمی کے پیش نظر کسانوں کو فصلوں کی کاشت اور پانی کے استعمال کے بارے میں ضروری مشورے فراہم کریں۔
محکمہ صحت کو موسمی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے ادویات اور طبی سہولتیں دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں منظور شدہ ترقیاتی کاموں کا فوری آغاز کرتے ہوئے انہیں تیزی سے مکمل کیا جائے۔ بالخصوص پنچایت راج، دیہی آبی سربراہی اور دیگر انجینئرنگ محکمے پینے کے پانی کی ٹنکیوں اور امرت اسکیم کے کاموں میں پیش رفت کو بہتر بنائیں۔ ضلع مرکز میں گیسٹ ہاؤس کی تعمیر اور کلکٹریٹ کے اطراف ترقیاتی کاموں کے لیے تخمینہ جات اور تجاویز تیار کرنے کے علاوہ کوڑنگل علاقے میں سڑکوں، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
سائنس میوزیم کے انتظام کے لیے درکار عملے اور سہولتوں سے متعلق تجاویز بھی پیش کرنے کو کہا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ریونیو سرینو، ایس ڈی سی راجندر گوڑ، زیڈ پی سی ای او سرینواس راؤ، ڈی آر ڈی او وینکٹ رامولو، ضلع زراعت افسر سکریا نائک، سرکاری اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سمپت کمار، ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر جئے چندر موہن اور مختلف محکموں کے عہدیدار موجود تھے۔



