خاتون سے چھیڑ چھاڑ معاملہ۔وزیر کے فرزند ہائیکورٹ سے رجوع

آندھرا پردیش کے وزیر آر کشور کے بیٹے سشیل کمار نے ان پر درج  کیس کو کالعدم قراردینے کی خواہش کرتے ہوئے ایک درخواست حیدرآباد کے ہائیکورٹ میں داخل کی۔ درخواست کو سماعت کے لئے قبول کرلیا گیا ہے۔انھون نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ غلط شکایت کی بنا پر ان پر کیس درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند مہینہ پہلے سشیل کے خلاف حیدرآباد کی ایک خاتون نے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت کی تھی کہ وزیر کے بیٹے نے سرعام ان کا ہاتھ پکڑا اور اغوا کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس معاملہ میں سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے ریاستی وزیر اور ان کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملہ میں وزیر کے بیٹے نے اپنے آپکو پولیس کے حوالہ کیا اور اس کے کچھ دن بعد ان کی ضمانت پر رہائی ہوگئی تھی۔ تازہ طور پر وزیر کے بیٹے نے کیس کو کالعدم قرار دینے کی درخواست عدالت میں داخل کیا۔