ایجوکیشن

منتخب جج فریحہ احمد کو ڈان اسکول میں تہنیت

”تعلیم تمام افراد کو بلندیوں پر پہونچنے کا موقع دیتی ہے“

”تعلیم تمام افراد کو بلندیوں پر پہونچنے کا موقع دیتی ہے“

حیدرآباد۔ 8 اگست (پریس نوٹ) تعلیم کا مقصد مذہب، ذات پات، جنس جیسے امتیازات سے قطع نظر تمام افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہے اور تعلیم کے ذریعہ کوئی بھی عظمت‘ بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔ حال ہی میں قومی سطح پر منعقدہ جے سی جے امتحان میں کامیابی کے بعد جونیئر سیول جج بننے والی طالبہ محمد فریحہ احمد نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

 

 

انھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ رٹ کر تعلیم حاصل کرنے کے طریقہئ تعلیم کو ترک کر دیں۔ فریحہ احمد نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ایک مقام پر پہونچ کر ہم اپنے خاندان اور ملک سے انصاف کرسکتے ہیں اور ان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انھوں نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ سوشیل میڈیا سے دور رہیں۔ سماجی تقاریب میں شرکت سے اجتناب کریں اور محنت سے تعلیم حاصل کریں، تبھی وہ کسی اعلیٰ مقام پر پہونچ سکتے ہیں‘ اپنے مقاصد حاصل کرسکتے ہیں۔

 

 

فریحہ احمد نے جو جلد ہی سکندرآباد میں جوڈیشیل اکیڈیمی میں جونیئر سیول جج کی حیثیت سے جائزہ سنبھالنے سے قبل تربیت حاصل کریں گی وعدہ کیا کہ وہ بحیثیت جج ہر ایک کو انصاف دینے اور سماج کی مدد کے لئے کام کریں گی۔ فریحہ احمد نے اپنے خطاب کے بعد طالبات کے دلچسپ سوالات کا جواب دیئے۔ ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ انجینئرنگ کی تکمیل اور ملازمت کے حصول کے بعد بھی وہ اپنی زندگی سے مطمئن نہیں تھیں اور معاشرے کے لئے کچھ کرنا چاہتی تھیں۔

 

 

انھوں نے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی اور سیول سروس کے امتحانات بھی تحریر کئے۔ تاہم پہلی ہی کوشش میں انھوں نے جے سی جے امتحان کامیاب کیا۔ انھوں نے پیشہئ قانون اور وکالت کے تعلق سے سماج میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو مسترد کر دیا اور کہا کہ یہ ایک اچھا پیشہ ہے اور آپ اس میں رہ کر سماج کی خدمت کرسکتے ہیں اور ایک بہتر زندگی گزار سکتے ہیں۔ انھوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین کے سر باندھا اور کہا کہ بعض بااثر شخصیات اور شعبہئ قانون میں دلچسپی رکھنے والے شخصیات نے جو اس شعبے میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے لئے کوشاں ہیں، ان میں تحریک پیدا کی۔ اس گروپ سے وابستہ ایک منتخب جج اسد اللہ شریف نے بھی ان کی رہنمائی کی۔ محمد فریحہ احمد کا تعلق سوریہ پیٹ سے ہے اور وہ فی الحال حیدرآباد میں مقیم ہیں۔

 

 

اس گروپ کے روح رواں محمد منظور احمد‘ امتیاز صدیقی‘ عامر خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈان گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس کے ڈائریکٹر فضل الرحمن خرم نے اسکول کی دعوت قبول کرنے اور طالبات میں تحریک پیدا کرنے کے لئے فریحہ احمد اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے فریحہ احمد کو مبارکباد دی اور ڈان اسکول کے منفرد طرز تعلیم کی ستائش کی۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button