تلنگانہ

نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ کی عوام کی جانب سے کانگریس امیدوار محمد علی شبیر کا شاندار استقبال _ جلوس میں ہزاروں افراد شریک

نظام آباد  _ 7 نومبر ( اردولیکس) تلنگانہ کے نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار و سابق وزیر محمد علی شبیر کا آج نظام آباد میں شاندار استقبال کیاگیا۔ پارٹی ٹکٹ ملنے کے بعد پہلی مرتبہ نظام آباد کا دورہ کرنے والے شبیر علی کے قافلے کو بھاری جلوس کی شکل میں شہر کے مختلف مقامات سے گزارا گیا۔ جس میں ہزاروں افراد بشمول ہندو مسلم شریک تھے اس کے علاوہ کانگریس کی مختلف محاذی تنظیموں کے قائدین اور کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی بعد ازاں نہرو چوک پر یہ جلوس بھاری جلسہ عام میں تبدیل ہو گیا۔

جہاں کانگریس امیدوار محمد علی شبیر نے ایک طرف ریاست کی چندرشیکھرراو حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تو دوسری طرف کانگریس دور حکومت میں ہوئے ترقیاتی کاموں کی یاددہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس رکن اسمبلی نے گزشتہ دس سال میں نظام آباد شہر کی ترقی کے لئے کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے یاددہانی کرائی کہ کانگریس دورہ میں نظام ساگر پراجکٹ کے پانی کو شہر نظام آباد منتقل کرتے ہوئے پینے کے پانی کے مسئلے کو دور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور میں سماج کے کسی بھی طبقہ کی ترقی نہیں ہوئی ۔البتہ حکومت نے شراب کو عام کرتے ہوئے نوجوانوں کو شراب کا عادی بنا دیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس دور میں اقلیتوں کی تعلیمی، معاشی اور سماجی ترقی کے لئے 4 فیصد مسلم تحفظات نافذ کئے۔ جس کے نتیجے میں آج ریاست کے 5 ہزار سے زائد مسلم لڑکے اور لڑکیوں کو میڈیسن میں داخلے ملے۔ اور وہ ڈاکٹر بن گئے۔ اس کے علاوہ انجینئرنگ، فارمیسی، ایم بی اے اور ایم سی اے اور دیگر پیشہ ورانہ کورسز میں لاکھوں مسلمانوں کو داخلے ملے۔

 

تحفظات کی بدولت ہزاروں مسلمانوں کو ملازمتیں مل پائیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس دور میں ان کی جانب سے منظور کردہ 51 اقلیتی انجینئرنگ کالجس میں 50 کالجس کو موجودہ حکومت نے منسوخ کردیا۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے 100 دن کے اندر ریاست میں کانگریس کی جانب سے دی گئی 6 ضمانتوں پر عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کانگریس کی چھ ضمانتوں کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے پیش کی۔ جلسہ عام میں کانگریس لیڈر طاہر بن حمدان اور دیگر موجود تھے

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button