تلنگانہ

کاماریڈی ضلع کے موتے میں مسجد کی باؤنڈری وال کا بلڈوزر سے انہدام _ مذہبی و سیاسی قائدین کی ضلع ایس پی سے ملاقات۔ خاطیوں کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ 

مفتی زبیر نے ریاستی وزیر داخلہ کو فون کیا اور مسجد کی باؤنڈری کی انہدامی کے فوٹوز اور ویڈیوز انہیں ارسال کیا 

کاماریڈی:7/ فروری(اُردو لیکس) مستقر موتہ ضلع کاماریڈی کی چار سو سالہ قدیم عالمگیر مسجد کی باؤنڈری وال کو شرپسند عناصر کی جانب سے کل دوپہر دن دھاڑے بلڈوزر سے منہدم کردیا گیا۔ اس خصوص میں علاقہ کے مسلمانوں نے جمعیت علماء ضلع کاماریڈی کے ذمہ داران حافظ فہیم صدر،عظمت علی جنرل سیکریٹری ضلع جمعیت سے رابطہ کیا۔ ان حضرات کے کہنے پر فی الفور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی، لیکن اس کے باوجود خاطیوں کی گرفتاری اب تک عمل میں نہیں آئی حالانکہ مسجد کی باؤنڈری وال گرانے کے ویڈیوز و فوٹوز موجود ہیں۔

 

ان تمام کے باوجود خاطیوں کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں میں بھی شدید بے چینی دیکھی جارہی ہے۔ اس خصوص میں جمعیت علماء کاماریڈی کے جنرل سیکریٹری عظمت علی نے مفتی محمود زبیر قاسمی سے رابطہ کرتے ہوئے ایس پی سے ملاقات کا فیصلہ کیا اور مفتی زبیر نے ریاستی وزیر داخلہ کو فون کیا اور مسجد کی باؤنڈری کی انہدامی کے فوٹوز اور ویڈیوز انہیں روانہ کیں۔ اس خصوص میں جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر حضرت مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی نے پولیس اور حکومت کے رویہ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کلکٹریٹ مسجدنظام آباد کا مسئلہ، سیکریٹریٹ مساجد کا مسئلہ، عنبر پیٹ مسجد کا مسئلہ اور اس وقت کاماریڈی کی موضع موتہ کی مسجد کا مسئلہ اس سلسلے میں حکومت اور خاص طور پر پولیس انتظامیہ کا جو رویہ ہے وہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔

 

مسلمان صبر کے ساتھ قانون کا سہارا لے کر اس معاملے میں پولیس اور حکومت سے تعاون کی امید رکھتے ہیں، لیکن حکومت اور انتظامیہ کا رویہ اس خصوص میں مسلمانوں کو بہلانے کا رہاہے۔ انھوں نے وزیر داخلہ محمود علی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور اس مسئلہ کا نوٹ لیں اور خاطیوں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں تاکہ علاقہ میں فرقہ پرست اور نفرت پھیلانے والے عناصر بدامنی نہ پھیلا سکیں اور مسلمانوں کا انتظامیہ پر اعتماد بحال ہو دریں اثناء قدیم عالمگیری مسجد کی باؤنڈری وال کی انہدامی پر کاماریڈی سے تعلق رکھنے والے مذہبی و سیاسی قائدین جن میں سید انور، لڈو، نعیم حسن سابق صدر مجلس کاماریڈی، فیروز قائد کانگریس، اشرف، عباد اللہ، عبدالرحیم و دیگر نے ضلع ایس پی کاماریڈی سرینواس و دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی اور خاطیوں کو گرفتار کرنے اور مسجد کی باؤنڈری وال کی تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button