تلنگانہ

تلنگانہ کے پرگی میں کل ہفتہ سے تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع کا آغاز _ فقیدالمثال انتظامات ، شرکاء کی آمد کا سلسلہ شروع

حیدرآباد _ 5 جنوری ( اردولیکس) تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے پرگی میں کل ہفتہ سے شروع ہونے والے تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع میں تلنگانہ کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں سے شرکا کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے پرگی کے قریب نعمت نگر میں یہ اجتماع 6 سے 8 جنوری بروز ہفتہ ، اتوار اور پیر تک منعقد ہونے جارہا ہے، شرکاء کیلئے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔ جس میں ایک اندازہ کے مطابق 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔

 

اسی مناسبت سے تمام کے رہنے کیلئے عارضی خیمے قائم کئے گئے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ان کے طعام کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے، یہی نہیں بلکہ پانی کے دو عارضی ذخیرہ آب تیار کئے گئے ہیں جس میں ایک ایک کروڑ لیٹر پانی ذخیرہ کیا گیا ہے تاکہ شرکا کو کسی طرح کی مشکل درپیش نہ ہو۔ مصلیوں کیلئے وضوگاہ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے۔ مشن بھگریتا اور ریاستی حکومت کے دیگر محکموں نے اس ذخیرہ آب اور وضو خانہ کے علاوہ بیت الخلاؤں کی تعمیر میں مدد کی ہے اس سلسلے میں حکومت نے ڈھائی کروڑ روپے جاری کیے ۔ سہ روزہ اجتماع کیلئے مختلف مقامات سے وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ معروف علمائے کرام بھی شرکت کریں گے۔ تربیتی اجتماع میں عوام کی کثیر تعداد کے پیش نظر انتظامات کئے جارہے ہیں اور کوشش اس بات کی ہورہی ہے کہ شرکاء کو کسی طرح کی تکلیف نہ ہو۔

 

تبلیغی جماعت کے ذمہ داران تین دن کے دوران منعقد ہونے والے پروگرامس سے خطاب کریں گے۔ اجتماع کا آغاز ہفتہ 6 جنوری کو بعد نماز فجر سے ہوگا اور آخری دن پیر 8 جنوری کو بعد نماز ظہر خصوصی رقت انگیز دعاؤں کے ساتھ اختتام کو پہنچے گا ۔ شرکاء کی آمدورفت کے لئے خصوصی انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button