انٹر نیشنل

ایک ہفتے کے دوران مسجد نبوی میں 75 لاکھ افراد نے نماز ادا کی

ریاض ۔ کے این واصف

مدینہ منورہ میں اب بھی حجاج کی موجودگی سے شہر میں رونقیں لگی ہوئی ہیں۔سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے حج کے بعد زیارت کے لیے مدینہ منورہ آنے والے 52 ہزار سے زیادہ حجاج کو سہولتیں فراہم کی ہیں۔ سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’ایک ہفتے کے دوران مسجد نبوی میں 75 لاکھ سے زیادہ افراد نے نماز ادا کی ہے‘۔انہیں انتظامیہ نے تمام ضروری سہولتیں فراہم کیں۔ روضہ رسول پر حاضری کے لیے منظم کیا۔ 4 لاکھ 96 ہزار 533 زائرین کو ایک ہفتے کے دوران موقع دیا گیا۔

 

 

 

 

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ’ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک لاکھ 33 ہزار957 زائرین کو ریاض الجنہ میں نماز کا موقع دیا گیا جبکہ ایک لاکھ 23 ہزار 301 زائرخواتین کو مقررہ اوقات میں ریاض الجنہ میں نماز کی سہولت دی گئی‘۔ زائرین کو فوری ترجمے کی سہولت بھی دی گئی۔ دینی معلومات اور مختلف مقامات کے بارے میں استفسارات کے جواب فراہم کیے گئے۔ بزرگوں اور معذوروں کو وہیل چیئرز فراہم کی گئیں۔

 

 

 

 

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 5753 زائرین نے مسجد نبوی کی تعمیر سے متعلق منعقدہ نمائش دیکھی جبکہ 18 ہزار 50 نے مسجد کی لائبریری سے استفادہ کیا۔ یاد رہے کہ فریضہ حج کے بعد مدینہ منورہ پہنچنے والوں کی تعداد 6 لاکھ 52 ہزار 862 سے تجاوز کرچکی ہے۔ان میں سے 4 لاکھ 94 ہزار 222 مدینہ منورہ سے رخصت ہوچکے ہیں۔ اس وقت مدینہ منورہ میں موجود زائرین کی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 640 ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button