انٹر نیشنل

حج سیزن کامیاب اور متعدی امراض سے پاک۔ قافلوں کی واپسی، سعودی حکام کا اعلان

ریاض ۔ کے این واصف

حج 2023 کے آخری دن حجاج کی بڑی تعداد رمی کے بعد منی سے رخصت ہوگئی۔ کچھ حجاج جو چوتھے دن بھی رمی کرتے ہیں آج لوٹیں گے۔ اہم یہ کہ سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا کہ ’حج سیزن 2023 ہر طرح کے متعدی امراض اور صحت عامہ کو خطرات پیدا کرنے والے مسائل سے پاک رہا۔ صحت اسکیمیں کامیاب رہی ہیں‘۔ ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت نے جمعہ کو منی میں کنٹرول سینٹر سے بیان میں کہا کہ’ سعودی قیادت کی مدد اور شہزادہ محمد بن سلمان کی مسلسل نگرانی کی بدولت حج سیزن کی صحت اسکیمیں کامیاب رہیں‘۔

 

 

 

انہوں نے کہا کہ ’وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی زیرقیادت اعلی حج کمیٹی نے تمام صحت مسائل حل کرانے میں تعاون دیا‘۔ وزیر صحت نے گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل، نائب گورنر مکہ مکرمہ و نائب سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ بدر بن سلطان اور مکہ مکرمہ گورنریٹ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی مسلسل توجہ کے باعث صحت اسکیمیں کامیاب ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی انتہائی خواہش رہی کہ تمام حجاج کی صحت کی حفاظت سب سے اوپر رہے۔ 354 سے زیادہ صحت اداروں اور 36 ہزار سے زیادہ صحت عملے اور 7600 سے زِیادہ رضاکاروں کی مربوط کوششوں کے باعث ایام حج میں صحت اسکیمیں کامیاب رہی ہیں۔

 

 

 

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ’ الوادعی طواف کے انتظامات کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ ’حرمین شریفین آپریشنل پلان کے دوسرے مرحلے میں تمام فیلڈ ٹیمیں سو فیصد چوکس ہیں اور حجاج کی خدمت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button