تلنگانہ

تلنگانہ کانگریس کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ نے بی آر ایس حکومت کے خلاف جاری کی چارج شیٹ _ کہا کے سی آر حکومت نے مسلمانوں کے لئے کچھ نہیں کیا

حیدرآبآد _ یکم جون ( اردولیکس) تلنگانہ کانگریس کے دفتر گاندھی بھون کے احاطے میں واقع اندرا بھون میں چہارشنبہ کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے  اقلیتی ڈپارٹمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ میٹنگ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی، نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ اور ٹی پی سی سی کے سابق صدر کیپٹن این اتم کمار ریڈی، ٹی پی سی سی اقلیتی  ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین شیخ عبداللہ سہیل، اور کئی سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران،بی آر ایس حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ جاری کی گئی، جس میں تلنگانہ میں اقلیتی طبقہ کی بہبود کو برقرار رکھنے میں بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کا خاکہ پیش کیا گیا۔

 

ایک آڈیو وژول پریزنٹیشن کے ذریعہ اقلیتی بہبود سے متعلق مختلف مسائل پر روشنی ڈالی گئی ۔ کانگریس پارٹی نے کئی ایسے شعبوں بشمول بے روزگاری، رہائش، تعلیم، اردو زبان، شادی مبارک اسکیم، مساجد  کی حفاظت، بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح، وقف املاک، اقلیتی بہبود کا بجٹ، اور اعلیٰ عہدوں پر مسلمانوں کی نمائندگی کو کم کرنا جیسے امور پر روشنی ڈالتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت ان شعبوں اقلیتوں کے ساتھ انصاف کرنے میں ناکام رہی۔

 

کانگریس نے اقلیتی نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا، جس کا تخمینہ 15 لاکھ ہے۔ انہوں نے قرض کی اجرائی اور ملازمتوں کی تقرریوں میں  امتیاز کا الزام لگایا، ۔ پارٹی نے سدھیر کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مکانات کی مناسب الاٹمنٹ کی کمی پر بھی زور دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں 43 فیصد  مسلمان کرائے کے مکانوں میں رہتے ہیں اور 1,000 سے کم خاندانوں نے 2BHK ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 10 فیصد  مختص کرنے کے وعدے سے فائدہ اٹھایا ہے۔

 

تعلیمی محاذ پر، کانگریس نے 80 فیصد سے زیادہ اقلیتی اداروں کو بند کردینے  اور مسلم طلباء کے لیے اسکالرشپ یا فیس کی واپسی کی عدم موجودگی کا انکشاف کیا۔ انہوں نے اقلیتی اکثریتی علاقوں میں سینکڑوں سرکاری اسکولوں کے بند ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ پارٹی نے بی آر ایس حکومت پر اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کے طور پر تسلیم کرنے کے باوجود اسے نظر انداز کرنے کا الزام لگایا، جس کے نتیجے میں اردو افسروں اور مترجموں کی محدود تقرری اور اردو اکیڈمی کا کام ناکارہ ہو گیا۔

 

شادی مبارک اسکیم کے حوالے سے یہ الزام بھی لگایا گیا کہ شادیوں کے لیے مالی امداد کے لیے ہزاروں درخواستیں زیر التوا ہیں، جس کی وجہ سے غریب خاندانوں کو مشکلات کا سامنا ہے جو برسوں سے اپنے چیک کے منتظر ہیں۔ کانگریس پارٹی نے پرانے سکریٹریٹ کے احاطے میں دو مساجد سمیت چھ مساجد کے منہدم ہونے اور ان کی دوبارہ تعمیر میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا۔

 

پرانا شہر حیدرآباد جیسے مسلم اکثریتی علاقوں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کو اجاگر کیا گیا، کانگریس پارٹی نے قتل، منشیات کے استعمال، اور شراب نوشی میں اضافہ کا حوالہ دیا انہوں نے ٹی آر ایس قائدین پر سینکڑوں کروڑ مالیت کی وقف املاک پر قبضہ کرنے کا بھی الزام لگایا اور وقف بورڈ کو دیے گئے عدالتی اختیارات کی کمی پر تنقید کی۔

 

 

مزید یہ کہ، کانگریس نے بی آر ایس حکومت پر اقلیتی بہبود کے لیے مختص بجٹ کا 50 فیصد  سے کم استعمال کرنے اور اقلیتوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے فنڈز کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے تلنگانہ میں مسلمانوں کی آبادی کا تقریباً 14 فیصد ہونے کے باوجود اعلیٰ اور نامزد عہدوں پر مسلمانوں کی کم ہوتی ہوئی نمائندگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

 

 

اے آئی سی سی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی نے پارٹی کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اگلے اسمبلی انتخابات حکمت عملی کے ساتھ لڑیں۔ انہوں نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کی مثال کو اجاگر کرتے ہوئے رائے دہندوں سے صحیح طریقے سے رجوع کرنے کی ضرورت پر زور دیا جہاں کانگریس پارٹی نے کامیابی کے ساتھ بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا۔

 

 

پرتاپ گڑھی نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو درپیش مسائل کو سمجھیں اور زمینی سطح پر سرگرمیاں کریں۔ انہوں نے بی آر ایس اور بی جے پی دونوں حکومتوں پر فرقہ وارانہ سیاست کرنے پر تنقید کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button