تلنگانہ

تلنگانہ میں ووٹ ڈالنے کے بعد ہی کئی عازمین سفر حج کے لئے روانہ ہوئے

جدہ، 13 مئی ( عرفان محمد) تلنگانہ کے عازمین حج نے سعودی عرب روانگی سے قبل پیر کو اپنا ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے بہت سے عازمین کو حیدرآباد کا سفر کرنے اور امیگریشن کے امور مکمل کی وجہ سے وقت کی تنگی کا سامنا کرنا پڑا۔

 

حیدرآباد سے مدینہ منورہ کے لیے پیر کو تین چارٹرڈ پروازیں اڑان بھریں جن میں ریاست کے مختلف حصوں سے آنے والے عازمین سوار تھے ۔ عازمین کو اپنی طے شدہ پرواز سے آٹھ گھنٹے پہلے حج ہاؤس میں رپورٹ کرنا  ہوگا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بہت سے عازمین کو ریاست کے مختلف حصوں سے حیدرآباد پہنچنے کے لیے پانچ سے سات گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔

 

اس پس منظر میں، اپنے مقامات پر ووٹ ڈالنا اور بورڈنگ کی رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے حیدرآباد کا سفر ایک مشکل اور چیلنج بھرا کام ہے ، پھر بھی بہت سے عازمین نے صبح سویرے ووٹ ڈالنے کا انتخاب کیا اور پھر  اپنا سفر شروع کیا۔

 

جگتیال کے رہنے والے شیخ اسحاق علی نے کہا کہ ایک شہری کی حیثیت سے جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ووٹ ڈالنا میرا فرض ہے اور  ساتھ ہی  حج کو ادا  کرنا بھی میرا فرض ہے۔انہوں نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد اور حج ہاؤس میں چیک ان کرنے کے لئے حیدرآباد روانہ ہونے سے قبل یہ بات بتائی

 

ان کی طرح درجنوں دیگر عازمین حج ہیں جنہوں نے عمر بھر  کا  حج کا خواب پورا کرنے سے پہلے اپنی جمہوری ذمہ داری پوری کی۔اس سال تلنگانہ سے 8,239 عازمین حج کمیٹی کے ذریعہ حج کے لیے سعودی عرب آرہے ہیں۔

 

اس سال مرحلہ وار پولنگ کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے کل 175,025 ہندوستانی عازمین سعودی عرب آرہے ہیں۔ پولنگ کے تین مراحل کے بعد حج پروازوں کا آغاز ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button