تلنگانہ

تلنگانہ وقارآباد کی جھیل میں کشتی الٹ گئی 2 خواتین کی موت

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ وقارآباد کے سرپن پلی جھیل میں ہفتہ کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں کشتی الٹنے کے نتیجے میں دو خواتین ہلاک اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئیں۔

 

 

مرنے والی خواتین کی شناخت ریتیکا (44) اور پونم (50) کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور بہار سے سیر کے لیے آئے تھے۔

 

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان جھیل کے قریب واقع ایک ریزورٹ آیا تھا جہاں انہوں نے کشتی کی سیر کا پروگرام بنایا۔ کشتی میں تین بالغ اور دو بچے سوار تھے۔ جھیل میں تقریباً 300 میٹر اندر جانے کے بعد موسم خراب ہونے کے آثار دیکھ کر انسٹرکٹر نے کشتی کو واپس بلانے کی ہدایت دی۔ تاہم واپسی کے دوران کشتی اچانک الٹ گئی۔

 

حادثے کے نتیجے میں دو خواتین جھیل میں ڈوب گئیں۔ مقامی افراد نے چیخ و پکار سن کر فوری امدادی کارروائی کی اور دو دیگر افراد کو بچا لیا، تاہم ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔متاثرہ خاندان حیدرآباد کے مادھاپور علاقے میں قیام پذیر تھا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں مرنے والی

 

خواتین کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ واقعہ شام 6 بجے کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کشتی کا آپریٹر خود تیر کر جان بچا کر نکل گیا جبکہ ان کے اہل خانہ کو تنہا چھوڑ دیا گیا۔

 

رشتہ دار نے مزید کہا "ہم نے خود جھیل میں کود کر انہیں بچانے کی کوشش کی۔ ریزورٹ انتظامیہ کی جانب سے نہ تو کوئی مدد فراہم کی گئی اور نہ ہی وہاں مناسب حفاظتی انتظامات موجود تھے۔”

متعلقہ خبریں

Back to top button