بزنس

چاندی کی قیمت پہلی بار پہنچی 2 لاکھ روپے فی کلو کے پار، سونے کی قیمت میں بھی ریکارڈ اضافہ

نئی دہلی: طلب میں اضافہ اور فیڈرل ریزرو بینک کے ذریعہ شرح سود میں تخفیف کے بعد پہلی بار چاندی کی قیمت 2 لاکھ روپے فی کلو کے پار پہنچ گئی ہے۔ ملٹی کموڈٹی مارکیٹ (ایم سی ایکس) پر چاندی ابھی تقریباً 1600 روپے چڑھ کر 2 لاکھ 510 روپے فی کلو پر کاروبار کر رہی ہے۔ دوسری طرف سونا نے بھی ریکارڈ نئی سطح حاصل کر لی ہے۔

 

موصولہ رپورٹ کے مطابق چاندی سے زیادہ آج سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ایم سی ایکس پر سونا آج تقریباً 2500 روپے چڑھ کر 1 لاکھ 34 ہزار 966 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا، جو اس کی ریکارڈ اعلیٰ سطح ہے۔ سونے و چاندی کی قیمت میں یہ زبردست اضافہ شام کے وقت دیکھنے کو ملا ہے، جب ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ بند ہو چکا ہے۔ ہندوستانی شیئر مارکیٹ بھی آج زبردست اُچھال کے ساتھ بند ہوا۔ نفٹی 140 پوائنٹس چڑھ کر 26000 کے اوپر اور سنسیکس 450 پوائنٹس اچھل کر 85267 پر بند ہوا۔

 

انڈیا بلین اینڈ جویلرس ایسو سی ایشن (آئی بی جے اے) کی نائب سربراہ اور اسپیکٹ گلوبل ونچرس کی کارگزار صدر اکشا کمبو نے کہا کہ صنعتی پیداوار کے بہترین رجحانات اور ڈالر کے کمزور ہونے کے سبب چاندی کی قیمتوں میں مزید تیزی ہو سکتی ہے۔ انڈسٹریز اور کلین انرجی کی بڑھتی طلب کی امید کے ساتھ یہ رفتار مثبت بنی ہوئی ہے۔2025 میں چاندی کی قیمتوں میں پہلے ہی 100 فیصد کی اُچھال آ چکی ہے۔

 

ایکسس میوچوئل فنڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق شمسی توانائی، الیکٹرک گاڑی اور سیمی کنڈکٹر جیسے سیکٹرس کی لگاتار توسیع سے چاندی کی طلب میں تیزی آئی ہے۔ سرمایہ کاروں کے ذریعہ کموڈٹی میں سرمایہ کاری کرنے اور دیگر شئے میں مضبوط رجحان سے چاندی کو فائدہ مل رہا ہے جس سے پورے مارکیٹ میں مثبت ماحول بنا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button