تلنگانہ

راجندرنگر دہشت گردوں کا مرکز _ روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ کا الزام

حیدرآباد _ 25 نومبر ( اردولیکس) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے الزام لگایا کہ  راجندرنگر دہشت گردوں کا مرکز بن گیا ہے۔ ایک سال کے اندر راجندرنگر میں تین دہشت گردوں کو این آئی اے نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایم آئی ایم کے تعاون سے دہشت گرد یہاں پناہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیاکہ ان دہشت گردوں کو این آئی اے کی جانب سے گرفتار کئے جانے تک یہاں کی پولیس کیا کررہی تھی۔

 

امیت شاہ نے آج راجندرنگر  اسمبلی حلقوں میں روڈ شو سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندرشیکھرراو اور ان کے فرزند کے ٹی راماراو کے   بدعنوانیوں کی تحقیقات کرتے ہوئے ان دونوں کو جیل بھیج دیا جائے گا۔  امیت شاہ نے کہا کہ گذشتہ دس سال سے چندرشیکھرراو حکومت تلنگانہ کی آزادی کی تقریب کو سرکاری سطح پر منانے کے لئے ڈر رہی ہے کیوں کہ اویسی برادران کے دباو میں آکر حکومت حیدرآباد لبریشن ڈے کی تقریب نہییں منارہی ہے تاہم میں وعدہ کرتا ہوں کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد ہر سال 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے منایا جائے گا۔ اس کے علاوہ 25 اگست کو رضاکاروں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی تہنیت پیش کی جائے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی اسٹیرنگ مجلس کے ہاتھ میں ہے۔ اس لئے وہ ایک طبقہ کو ناراض کرنے کے کام نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد ریاست میں دیئے جانے والے 4 فیصد مسلم تحفظات کو بھی ختم کردیا جائے گااور 4 فیصد تحفظات کو پسماندہ اور پچھڑے طبقات میں تقسیم کیاجائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button