کمرشل گیس سلنڈر پھر مہنگا، کاروباری طبقہ پریشان — قیمت میں 195 روپے کا بڑا اضافہ

تجارتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے ہوٹلوں، ریستورانوں اور چھوٹے کاروباری طبقے پر اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مطابق 19 کلوگرام والے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 195 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جو آج سے فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ اس نئے اضافے کے بعد دہلی میں 19 کلوگرام کمرشل سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 2,078 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران امریکہ جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور درآمدی لاگت میں اضافہ اس فیصلے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ تاہم کمپنیوں نے واضح کیا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے استعمال ہونے والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، جس سے عام گھریلو صارفین کو وقتی ریلیف حاصل رہے گا۔
تجارتی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے سے ہوٹل انڈسٹری اور چھوٹے کاروباری اداروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ اس سے روزمرہ اخراجات میں اضافہ متوقع ہے۔



