عوام کو نئے سال کا پہلا جھٹکا: کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 111 روپے مہنگا، ہوٹلوں اور ریستورانوں پر مہنگائی کی مار

نئی دہلی _ سال 2026 کے آغاز نے عوام کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ نئے سال کے پہلے ہی دن آئیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کردیا۔ ملک بھر میں 19 کلوگرام کے تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 111 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دہلی، کولکتہ ؛ چنئی، ممبئی سمیت تمام بڑے شہروں میں نئی قیمتیں نافذ ہوگئی ہیں۔ تاہم 14 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
قیمتوں میں اس اضافے کے باعث ہوٹلوں، ریستورانوں اور چھوٹے کاروباروں پر اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ نئی شرحوں کے مطابق 19 کلوگرام کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت دہلی میں 1580.50 روپے سے بڑھ کر 1691.50 روپے ہوگئی ہے۔ کولکتہ میں یہ قیمت 1684 روپے سے بڑھ کر 1795 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ ممبئی میں 1531.50 روپے سے بڑھ کر 1642.50 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح چنئی میں تجارتی سلنڈر کی قیمت 1739 روپے سے بڑھ کر 1849.50 روپے تک جا پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ یکم دسمبر 2025 کو کمرشیل ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ اس وقت دہلی اور کولکتہ میں 10 روپے جبکہ ممبئی اور چنئی میں 11 روپے کی کمی کی گئی تھی۔
اگرچہ کمرشیل ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں، لیکن گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتیں کافی عرصے سے مستحکم ہیں۔ 14 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اپریل 2025 کی سطح پر ہی برقرار ہے۔
فی الحال دہلی میں گھریلو استعمال کا سلنڈر 853 روپے، کولکتہ میں 879 روپے، ممبئی میں 852 روپے اور چنئی میں 868 روپے میں دستیاب ہے۔ نئے سال میں کمرشیل سلنڈروں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کھانے پینے کی اشیا، مشروبات اور دیگر خدمات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔


