ملک میں چاندی کی قیمتوں کو بھی اب پر لگ گئے : آر بی آئی نے چاندی پر بھی قرض دینے کا اعلان کردیا

ملک میں چاندی کی قیمتوں کو بھی اب پر لگ گئے، آر بی آئی نے چاندی پر بھی قرض دینے کا اعلان کردیا
ملک میں سونا جہاں مسلسل نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے، وہیں چاندی کی قیمتیں بھی تیزی سے آسمان کو چھو رہی ہیں۔ سونے کی طرح چاندی کے بھاؤ میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چاندی کی قیمت فی کلو 1.70 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے، جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شرح 2 لاکھ روپے فی کلو کو بھی عبور کر سکتی ہے۔
اسی دوران ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سونے کی طرح چاندی پر بھی قرض حاصل کیا جا سکے گا۔
مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ یہ نیا نظام یکم اپریل 2026 سے نافذ ہوگا۔ اس کے تحت تجارتی بینک اور نان بینکنگ فنانشیل ادارے (NBFCs) چاندی کے زیورات اور سکوں کے بدلے قرض فراہم کر سکیں گے۔ تاہم چاندی کی سلاخیں یا ETF (ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز) اس کے لیے اہل نہیں ہوں گے اور ان پر کوئی قرض نہیں دیا جائے گا۔
آر بی آئی کے مطابق ایک شخص زیادہ سے زیادہ 10 کلو تک چاندی بینک میں گروی رکھ سکتا ہے، جب کہ 500 گرام تک کے چاندی کے سکے بھی اس اسکیم میں شامل ہوں گے۔ اس حد سے زیادہ وزن والی چاندی کو گروی رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نئے رہنما اصولوں کے مطابق چاندی پر 10 لاکھ روپے تک کا قرض حاصل کیا جا سکے گا۔
بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سونے کی طرح چاندی کے موجودہ بازار بھاؤ کی بنیاد پر قرض منظور کریں۔
ماہرین کے مطابق چاندی اب صرف زیورات یا پوجا کے سامان تک محدود نہیں رہی، بلکہ صنعتی شعبے میں اس کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ سولار پینلز، الیکٹرک بیٹریز، الیکٹرانک آلات، کنڈکٹرس، پانی کی صفائی کے نظام، میڈیکل آلات اور فوٹوگرافی جیسے کئی شعبوں میں چاندی کا وسیع استعمال ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔


