تلنگانہ

مدارس کے تعلق سے غلط فہمی دور ہوئی _ مدرسہ مھد الاشرف نظام آباد میں جلسہ اسناد کی تقسیم سے کمشنر پولیس نظام آباد کے آر ناگراجو کا خطاب 

نظام آباد:11 / مارچ (اردو لیکس ) سماج میں دینی مدارس کے تعلق سے بے شمار غلط فہمی پھیلائی جارہی ہے جس سے دیگر طبقات کے لوگ دینی مدارس کے نام سے خوف زدہ ہوتے ہیں لیکن آج ایک دینی مدرسہ کا معائنہ کرنے کے بعد غلط فہمی دور ہوئی ہے۔

 

کمشنر آف پولیس نظام آباد ناگاراجو نے حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء ہند نظام آباد کی زیر نگرانی چلائے جانے والے مدرسہ معھد الاشرف مالاپلی کا دورہ کرتے ہوئے اپنی جانب سے طلباء میں نوٹ بکس اور سرٹیفکیٹ کی تقسیم عمل میں لائی۔ کمشنر آف پولیس ناگاراجو کی مدرسہ پر آمد کے ساتھ ہی طلباء نے انہیں گلاب پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔ کمشنر آف پولیس مسٹر ناگاراجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کو دنیاوی تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں روزگار کا حامل بنایا جارہا ہے جو خوش آئند ہے انہوں نے دینی مدارس کے تعلق سے سماج میں پھیلائی جانے والی غلط فہمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ ان دینی مدارس میں اللہ تعالیٰ کے کلام قرآن مجید کی تعلیم دی جاتی ہے اور طلباء کو اچھا انسان بننے کی تربیت دی جاتی ہے۔

انہوں نے تمام مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کی پیشگی مبارکباد دی۔ حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء ہند نے کمشنر آف پولیس کو تمام دینی مدارس میں چلائے جانے والے نظم سے تفصیلی طور پر واقف کرانے پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ بعدازاں تکمیل حفظ قرآ ن مجید کرنے والے طلباء میں سرٹیفکٹ اور نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ 8/ مارچ کو مدرسہ معھد الاشرف کے سالانہ جلسہ میں شرکت کرنے والے تھے لیکن مصروفیت کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے جس کی بناء پر وہ کل مدرسہ کا دورہ کرتے ہوئے سرٹیفکٹ اور اپنی جانب سے نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں لائی۔

 

اس موقع پر ماجد صدیقی کارپوریٹر، حافظ محمد سعید احمد ناظم مدرسہ، حافظ عبدالحکیم، مفتی حامد بیگم، مولانا علیم اشاعتی، حافظ اشرف علی، مولانا سید مصطفی قاسمی، حافظ محمد، حافظ کلیم، حافظ شاہد ابرار کے علاوہ محمد شکیل صدر پولیس ویلفیر اسوسی ایشن، محمد جنید علی ایڈوکیٹ، محمد شعیب ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مدرسہ معھد الاشرف میں منعقدہ تقریب میں کمشنر آف پولیس ناگاراجو نے شرکت کرتے ہوئے حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء ہند کی دینی و ملی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کسی بھی مسئلہ کا شکار ہونے پر حافظ محمد لئیق خان بلاتاخیر اعلیٰ پولیس عہدیداروں سے نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کو یقینی بناتے ہیں

 

کمشنر آف پولیس نے کہا کہ انہوں نے یہاں پر جائزہ حاصل کرنے کے بعد دیکھا کہ حافظ محمد لئیق خان صد ر ضلع جمعیت العلماء کی حیثیت سے کئی مسائل پر ان سے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگی کی اور قانونی کشاکش کا شکار ہونے والے افراد کو انصاف فراہم کرنے میں نمایاں رول ادا کیا۔ کمشنر آف پولیس نے حافظ محمد لئیق خان کے ملی جذبہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کا جذبہ رکھنے والی حافظ محمد لئیق خان جیسی شخصیت کی خدمات قابل ستائش و مبارکباد ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button