کڑپہ میں سعید نظر کے مجموعہ کلام “غم کی دھرتی” کی رسم اجراء و کل ہند مشاعرہ

حیدرآباد ۔ کے این واصف
ریاست آندھراپردیش مین علم و ادب کا گہوارہ کڑپہ شہر میں “بزم احسان” کی سرپرستی اور بزم زکی ، امیرالنساء ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن، k عبدالمجید ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی اور کاروان اردو (حقیقی) کے مشترکہ تعاون سے کڑپہ مین معروف شاعر سعید نظر (کویت) کے مجموعہ کلام “غم کی دھرتی” کی رسم اجراء، عید ملاپ اور کل ہند مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا۔
منعقدہ اجلاس کی صدارت سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کے پروفیسر مظفر شہمیری نے کی۔ مہمانان خصوصی میں سابق چیرمین آندھراپردیش اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد نعمان پریزیڈنٹ سٹی کانگریس کمیٹی افضل خان، اسٹیٹ پریزیڈنٹ تلگو دیسم پارٹی امیر بابو اور سماجی جہد کار جناب صلاح الدین شریک محفل رہے۔
مہمانان اعزازی کے طور پر جناب سید شاہ حسینی باشا شہمیری,جناب محمد غوث خان عارف,مفتی محمد علی بغدادی ، افتخارجمال,مولانا اکبر علی، رشادیاور, سید احمد بابو بھائی شامل شامل رہے۔ سردار ساحل کے استقبالیہ کلمات سے تقریب کا آغاز ہوا۔ مہمانان نےاردو زبان کے مسائل، ریاست اور مرکزی حکومت کی اردو سے عدم دلچسپی اور سعید نظر کی شخصیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جناب محمود شاہد اور جناب افتخار جمال نےشعری مجموعہ ” غم کی دھرتی "کے شعری محاسن، شاعر کی بنیادی فکر اور منفرد اسلوب پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے مزید کہا کہ سعید نظر جہان ایک اچھے شاعر ہیں وہیں ڈراموں کے ایک کامیاب اداکار بھی ہیں۔ جناب ڈاکٹر سید محی الدین امجد نے سعید نظر پر ” باغ بہشت ” کے عنوان سے اپنا خاکہ پیش کیا۔ نیز تاج الدین عارف نے بھی غم کی دھرتی / ہندی پر اپنا مقالہ پیش کیا۔
سید شاہ حسینی باشا شہمیری ،انور ہادی ،پروفیسر مظفر شہمیری نے بھی ” غم کی دھرتی” پر اظہار خیالات کیا۔ جس کے بعد عید ملن مشاعرہ کا آغاز ہوا جس کی صدارت صدر بزم حسان محمد اسحاق علی نے فرمائی۔ مہمان شعراء میں مشتاق احسن ، ناگپورریاض کامل ، ناگپور خواجہ ساجد ، ناگپور نجیب احمد نجیب حیدرآباد شاہد مدراسی، شیخ حبیب بنگلورعظمت اللہ کڑپوی، عارف امینی، ہاشم طلیق,امام قاسم ساقی نے شرکت فرمائی ۔مقامی شعراء میں محمود شاہد، سعید نظر، ستار فیضی، غوث خان عارف، عطاء اللہ اختر، مقبول احمد، خلیل خان خلیل، غوث دانش کلام پیش کیا اور خوب داد و تحسین صاصل کی۔ اس یادگار تقریب کی نظامت کے فرائض انور ہادی جنیدی نے احسن طریقے سے انجام دیے ۔
تقریب رسم اجراء میں تنظیم کاروان اردو حقیقی نے سعید نظر کو “ستارہ ءامتیاز” ایوارڈ سے نوازا۔ سابق چیرمین اسٹیٹ اردو اکیڈیمی آندھراپردیش ڈاکٹر محمد نعمان اورعبدالعزیز نے “کاروان اردو نندیال ” کی جانب سے شال پوشی کی اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی پروفیسر مظفر شہمیری نے سپاس نامہ پیش کیا۔ کے عبدالمجید ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر جناب مقبول احمد مقبول نے بھی شال اور سپاس نامہ پیش کیا۔ بزم غالب بنگلور کے صدر جناب شیخ حبیب نے موتیوں کا ہار پہنایا اور شال پوشی کی۔
جناب شاہد مدراسی نے اپنی جانب سے جناب سعید نظر کی خدمت میں شال اور خوبصورت لوح سپاس پیش کیا۔ صاحب کتاب سعید نظر نے مہمانان ، شعراء کرام اور سامعین کو ہدیہ تشکر پیش کرتے ہوئے انتظامیہ کی کاوشوں کی ستائش کی۔ اس پروقار شعری و ادبی تقریب میں کثیر تعداد میں صاحب ذوق سامعین نے شرکت کی۔