Uncategorizedجرائم و حادثات

کوٹھی فائرنگ واقعہ پر حیدرآباد کمشنر پولیس کا تفصیلی بیان۔ کیسے انجام دی گئی ڈکیتی کی واردات

حیدرآباد : شہر کے علاقے میں ہفتہ کی صبح پیش آنے والے مسلح ڈکیتی اور فائرنگ کے سنگین واقعے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے حیدرآباد سٹی پولیس نے ملزمین کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے خصوصی کرائم ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

 

اس سلسلے میں سلطان بازار پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 28/2026 درج کی گئی ہے۔ مقدمہ بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 109 (قتل کی کوشش) اور 309 (ڈکیتی) کے علاوہ آرمز ایکٹ 1959 کی دفعہ 27 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

 

کمشنر پولیس وی سی سجنار کے مطابق پولیس کو دی گئی شکایت کے مطابق (26) سالہ رمشاد جو کیرالہ کے کوذی کوڈ سے تعلق رکھنے والے ریڈی میڈ بچوں کے کپڑوں کے تاجر ہیں اور اس وقت نامپلی کے ایک اپارٹمنٹس میں مقیم ہیں، 7 جنوری 2026 کو دیوان دیوڑی میں ہول سیل خریداری کے لیے 6 لاکھ روپے نقد لے کر حیدرآباد آئے تھے۔

 

خریداری نہ ہو پانے پر ان کے رشتہ کے بھائی نے انہیں رقم بینک میں جمع کروانے کا مشورہ دیا۔اسی کے تحت 31 جنوری 2026 کو صبح تقریباً 7 بجے رمشاد اپنے دوست امیر کی گاڑی پر ایس بی آئی مین برانچ اے ٹی ایم، بینک اسٹریٹ، کو ٹھی پہنچے۔

 

جب وہ اے ٹی ایم میں رقم جمع کر رہے تھے اسی دوران دو نامعلوم افراد پیچھے سے آئے اور پیٹھ پر آتشیں اسلحہ رکھ کر انہیں دھمکایا۔ملزمین نے دو فائر کیے جن میں سے ایک فائر رمشاد کی دائیں ٹانگ پر لگا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور خون بہنے لگا۔

 

اس کے بعد حملہ آور نقد رقم سے بھرا بیگ اور گاڑی کی چابیاں چھین کر متاثرہ کی گاڑی (رجسٹریشن نمبر: TS 08 HN 8582) میں فرار ہو گئے۔ملزمین گاڑی کو چادرگھاٹ سگنل کی جانب لے گئے اور بعد ازاں نمبولی اڈہ، کاچی گوڑہ پہنچ کر گاڑی وہیں چھوڑ دی۔

 

کپڑے تبدیل کرنے کے بعد وہ پیدل کاچی گوڑہ ایکس روڈ کی طرف فرار ہو گئے۔حیدرآباد سٹی پولیس نے اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔ خصوصی ٹیمیں سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ، تکنیکی شواہد کی جانچ اور قریبی اضلاع کی پولیس کے ساتھ تال میل کے ذریعے مفرور ملزمین

 

کی جلد گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور مجرموں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 

 

\عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی مشتبہ سرگرمی کے بارے میں معلومات ہوں تو ڈائل 100 پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button