تلنگانہ کے وقارآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ — شوہر نے بیوی، بیٹی اور بھابھی کو قتل کر کے خودکشی کرلی – خونی کھیل میں گھر میں ہر طرف خون ہی خون

وقارآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ — شوہر نے بیوی، بیٹی اور بھابھی کو قتل کر کے خودکشی کرلی!
تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے کلکچرلہ منڈل میں اتوار کی علی الصبح دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ خاندانی جھگڑوں سے پریشان ایک شخص نے اپنے ہی خاندان کا خاتمہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق38 سالہ یادیا نامی شخص نے تقریباً ساڑھے تین بجے گھر میں سو رہی اپنی بیوی 32 سالہ الویلو ، دو بیٹیوں 13 سالہ اپرنا ،10 سالہ شراونی اور 40 سالہ بھابھی ہنومما پر تیز دھار ہتھیار سے اندھا دھند حملہ کردیا۔ حملے کے بعد وہ خود بھی پھانسی لے کر جان دے بیٹھا۔
اس خونی کھیل میں بڑی بیٹی اپرنا شدید زخمی حالت میں زندہ بچ گئی۔ ہوش میں آنے کے بعد اس نے لرزتی آواز میں پڑوسیوں کو ساری داستان سنائی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ موقع پر پہنچے تو منظر دیکھ کر کانپ اُٹھے — ہر طرف خون ہی خون پھیلا ہوا تھا، نعشیں ایک دوسرے پر گری پڑی تھیں۔
پولیس کو فوری اطلاع دی گئی۔ کلکچرلہ ایس آئی عملے کے ساتھ پہنچ کر زخمی لڑکی کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ بعد ازاں پرگی ڈی ایس پی سرینواس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پرگی سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی وجوہ خاندانی تنازعات بتائی جا رہی ہیں۔ علاقے میں خوف و سنسنی کا ماحول پھیل گیا ہے۔



