تلنگانہ

جناب عبدالرحمن مجاہد، رکن شوری جماعت اسلامی ہند، وادی ھدیٰ کا سانحہ ارتحال

جناب عبدالرحمن مجاہد، رکن شوری جماعت اسلامی ہند، وادی ھدیٰ کا سانحہ ارتحال

*امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر کا اظہار تعزیت*

 

 

جناب عبدالرحمن مجاہد، رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند، وادی ھدی، حیدرآباد کا 4، اگست 2025 بروز پیر کی شام بعمر 65 سال اچانک انتقال ہوگیا۔ مرحوم، سابق نائب امیر جماعت اسلامی ہند، مولانا محمد عبدالعزیزؒ کے اکلوتے فرزند تھے۔

 

مرحوم انتہائی نیک، بہترین و اعلیٰ اخلاق و کردار کے مالک تھے۔ ان کی اچانک وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفرنے کہا کہ موصوف کے انتقال سے جماعت اسلامی اپنے ایک بے لوث اور خاموش سپاہی سے محروم ہو گئی۔ موصوف نے تاحیات اپنے والد مولانا محمد عبدالعزیزؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تحریک کی خوب خدمت کی۔ امیر حلقہ تلنگانہ نے کہا کہ مرحوم کو عربی زبان و ادب پر مہارت حاصل تھی۔ کئی سال سعودی عرب میں کام کی وجہ سے انہیں عربی زبان پر بہترین عبور تھا

 

اور مستقل ترجمہ ہی کے میدان میں انہوں نے پوری زندگی کام کیا۔ انہوں نے تحریک اسلامی میں فعال و متحرک لیکن خاموشی سے خدمات انجام دیں۔ اپنے مقام وادی ھدی میں عربی زبان کی کلاسس کے ذریعہ لوگوں میں قرآن فہمی کا ذوق پیدا کرنے کے لیے مستقل کام کیا اور بہت سے طلباء نے ان سے استفادہ کیا ہے۔ موصوف عربی، اردو اور انگریزی زبانوں پر مہارت رکھتے تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، آگے کے تمام مراحل آسان کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 

نماز جنازہ 5 اگسٹ بروز منگل بعد نماز ظہر مسجد فاطمہ جامعہ دارالہدیٰ، وادی ھدی حیدرآباد میں ادا کی گئی اور تدفین جل پلی کے قبرستان میں عمل میں آئی۔ نماز جنازہ میں مولانا حامد محمد خان، جناب محمد اظہر الدین، جناب محمد عبد المجید شعیب اور ذمہ داران، ارکان و کارکنان جماعت اسلامی ہند کی کثیر تعداد موجود تھی۔لواحقین میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے مرحوم کے بھانجے جناب عبدالمجیب صہیب سے فون نمبر 9100735933 پر ربط کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button