تلنگانہ

شادی کے ایک ماہ بعد ہی دلہن نے کروایا دلہے کا قتل – تلنگانہ میں دل دہلا دینے والا واقعہ

تلنگانہ کے ضلع جوگولامبا گدوال سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ تیجیشور ایک پرائیویٹ سرویئر کے طور پر کام کر رہا تھا ۔ اس کی شادی آندھرا پردیش کے کرنول سے تعلق رکھنے والی ایشوریا سے طے ہوئی تھی، اور 13 فروری 2024 کو منگنی کی رسم انجام پائی تھی۔ لیکن شادی سے صرف پانچ دن پہلے ایشوریا اچانک لاپتہ ہو گئی۔تیجیشور کے خاندان والوں کو شک تھا کہ ایشوریا کا کسی بینک ملازم سے تعلق ہے اور وہ اسی کے پاس چلی گئی ہے۔

 

تاہم 16 فروری کو ایشوریا واپس آئی اور تیجیشور سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کسی کے ساتھ محبت میں نہیں ہے، بلکہ اپنی ماں کی جہیز دینے کی پریشانی دیکھ کر ذہنی دباؤ میں آکر اپنی سہیلی کے گھر چلی گئی تھی۔ اس نے تیجیشور سے کہا: "مجھے تم بہت پسند ہو”، اور روتے ہوئے معافی مانگی۔ تیجیشور نے اس پر یقین کرتے ہوئے اسے شادی کے لیے قبول کر لیا۔

 

اگرچہ والدین کو یہ رشتہ پسند نہیں تھا، تیجیشور نے ان کو منا کر 18 مئی کو ایشوریا سے شادی کر لی۔ لیکن شادی کے صرف دوسرے دن سے ہی دونوں کے درمیان جھگڑے شروع ہو گئے کیونکہ ایشوریا مسلسل فون پر باتوں میں مصروف رہتی تھی اور اپنے شوہر کو نظرانداز کر رہی تھی۔

 

17 جون کو تیجیشور اچانک لاپتہ ہو گیا۔ اس کے بھائی نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو آندھرا پردیش کے پنیئم علاقے میں اس کی لاش ملی۔ تیجیشور کے گھر والوں کو ایشوریا پر شک ہوا، جس پر پولیس نے ایشوریا اور اس کی ماں سجاتھا سے پوچھ گچھ کی۔

 

تحقیقات میں چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔ سجاتا کرنول کے ایک مشہور بینک میں صفائی ملازمہ تھی، اور اسی بینک کے ایک ملازم سے اس کے ناجائز تعلقات تھے۔ یہی ملازم بعد میں ایشوریا سے بھی تعلقات قائم کرنے لگا۔ پولیس کی کال ڈیٹا رپورٹ کے مطابق، شادی کے بعد ایشوریا نے اس شخص سے تقریباً 2000 بار فون پر بات کی تھی۔

 

اسی تعلق کی راہ میں شوہر تیجیشور کو رکاوٹ سمجھتے ہوئے، اس ملازم نے سازش رچائی۔ اس نے تیجیشور کو قتل کروانے کے لیے اپنے کچھ لوگوں کو پیسے دیے اور اپنا ڈرائیور بھی ان کے ساتھ بھیجا۔ منصوبے کے مطابق، 17 جون کو چند افراد نے تیجیشور سے کہا کہ وہ دس ایکڑ زمین خریدنا چاہتے ہیں اور اسے سروے کرنے کے لیے لے گئے۔ دوران سفر، گاڑی میں ہی انہوں نے تیجیشور پر چاقو سے حملہ کر کے اس کا گلا کاٹ دیا اور لاش کو پنیئم کے قریب سُگالی میٹّو کے علاقے میں پھینک دیا۔

 

اس وقت بینک کا ملازم فرار ہے، جبکہ ایشوریا اور اس کی ماں سجاتا کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button