تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام چشتی فاونڈیشن حیدرآباد کے اشتراک سے عازمین کے لئے آخری مرکزی تربیتی اجتماع کا کامیاب انعقاد

حیدرآباد 6۔اپریل (پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام چشتی فاونڈیشن حیدرآباد کے اشتراک سے عازمین کے لئے آخری مرکزی تربیتی اجتماع اکبر فنکشن ہال جہاں نماء روڈ میں منعقد ہوا۔ اس تربیتی اجتماع کی خصوصیت یہ تھی کہ عازمین کو تربیت کے علاوہ ان کے مکمل شکوک و شبہات کو دور کیا گیا۔ حج کے 5 دن کے دوران کیا عمل اختیار کیا جائے اس کی کس طرح تیاری کی جائے اسے تفصیل سے بتایا گیا۔ عازمین مردو خواتین کے تمام سوالات کے جوابات شرعی اعتبار سے دئیے گئے۔ احرام باندھنے کا عمل طریقہ‘ منی‘ عرفات مزدلفہ میں قیام کے دوران اذکار‘ عمل کی تفصیل سکھائی گئی۔ حضور اکرم ؐ کی بارگاہ کے آداب سکھائے گئے کیونکہ حیدرآباد سے جانے والے عازمین پہلے مدینہ شریف پہنچ کر ایک ہفتہ قیام کریں گے وہیں سے احرام کی حالت میں مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔
مولانا سید شاہ غلام افضل خسرو بیانی صدرنشین ریاستی حج کمیٹی و سجادہ نشین بارگاہ حضرت افضل بیابانی ؒ(قاضی پیٹ)نے صدارت کی جبکہ مولانا خواجہ شاہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ صدر چشتی فاونڈیشن حیدرآباد و جانشین حضرت گنج انوار ؒنے نگرانی کی۔ مولانا سید محمد علی قادری الھاشمی صدرمرکزی مجلس قادریہ‘ مولانا مفتی محمد انوار احمد قادری نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ‘مولانا عرفان اللہ شاہ نوری صدر مرکزی انجمن سیف الاسلام‘ مولانا حافظ عرفان قادری نائب امیر سنی دعوت اسلامی‘مولانا عبدالرحمن حسن قادری خلیفہ حضرت صدر الشیوخ‘ مولانا ڈاکٹر سید خلیل اللہ اویس بخاری نے مختلف موضوعات پر عازمین سے خطاب کیا اور کہا کہ عبادت کو عبادت بنائیں رسم نہ بنائیں۔ ادب کو ملحوظ رکھیں ایسا نہ ہوکہ ایمان خطرہ میں پڑجائے
۔ اس سفر مقدس میں نیت کو درست کرلیں کیونکہ اللہ عزوجل اور حضور اکرم ؐ کی محبت میں یہ سفر کیا جارہا ہے۔ حج کی تیاری کا پہلا اصول نیت کو خالص کیا جائے۔ حیدرآبادسے جانے والے تلنگانہ‘ اے پی اور کرناٹک کے تقریبا 12000 خوش نصیب عازمین حج مدینہ شریف کو جارہے ہیں اور حضور اکرم ؐ کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے مدینہ شریف سے سفر حج کے لئے احرام باندھ کر روانہ ہوں گے۔ عازمین جب تک حرمین شریفین میں رہیں ہمیشہ کوشش کریں کہ صرف زمزم شریف پیتے رہیں۔ زمزم میں اللہ نے تین برکتیں رکھی ہیں ایک حضرت اسماعیل ؑ کے قدموں کی برکت‘ حضرت جبرئیل ؑکے پر وں کی برکت اور حضور اکرم ؐ کے لعاب مبارک کی برکت شامل ہے۔ روئے زمین پر یہ انتہائی برکت والا پانی ہے۔ عازمین ہمیشہ تلبیہ پڑھتے رہیں کیونکہ تلبیہ توحید کی سچائی کو بیان کرتا رہتا ہے۔ عازمین اس مقدس سفر میں صبر کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔ صبر میں کامیابی ہے۔ صبر کرنے سے حج آسان ہوگا۔ حج کا سفر ہمیں اللہ کی نشانیوں کی تعظیم کرنے کی تعلیم دیتا ہے‘ وہیں پر مسلمانوں کے درمیان ہمدردی اور محبت بھی سکھاتا ہے۔ حج اسلامی توحید کے اعلان کا مرکز ہے۔ شہ نشین پر مولانا سید عبدالقادر حسینی بندہ نوازی‘ مولانا سید نجم الدین قادری وحدتی‘ مولانا غلام سبحانی صدیق القادری چشتی‘ مولانا ڈاکٹر سراج الدین نظامی‘ قاضی ابراہیم شریف‘ حافظ حسین محمد نقشبندی اور دوسرے موجود تھے۔ ابتداء میں قاری محمد محی الدین افتخاری واصل پاشاہ کی قراء ت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جناب محمد شفیع قادری اورمرزا عارف اللہ بیگ قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ جناب ایم اے مقتدر بابا کاپوریٹر جہاں نماء کنوینر اجتماع کی نگرانی میں انتظامات انجام پائے۔ حافظ عبدالقدیر صادق‘ محمد انور علی‘ محمد حبیب محی الدین افتخاری‘ سید امجد علی افتخاری اور دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا۔ عازمین کے لئے بعد نماز ظہر ظہرانہ کا انتظام کیا گیا۔