تلنگانہ

تلنگانہ کے سرسلہ ضلع میں ایک شخص کی مشتبہ موت پر گھر والوں کی عجیب وغریب حرکت

کریم نگر _14 جنوری ( اردولیکس) تلنگانہ کے سرسلہ ضلع میں  ایک شخص کی مشتبہ موت کے بعد اس کی نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے سے گھر والوں نے انکار  کرتے ہوئے عجیب وغریب حرکت کی اور اس کی آخری رسومات ادا کرنے نعش کو شمشان گھاٹ لے جارہے تھے تاہم  پولیس نے ناکام بنادیا۔

 

پولیس نے بعد ازاں اس کے گھر والوں کو سمجھا بجھا کر نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ ضلع کے لکشمی پور کے رہنے والے 65سالہ بی ملیا نامی شخص کی موت گھر میں ہوگئی جس کے بعد اس کے ارکان خاندان نے اس کی نعش کی آخری رسومات کی تیاریاں شروع کردیں تاہم ایک شخص کی اطلاع پرپولیس ان کے گھر پہنچ گئی اور کہاکہ نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے کیلئے سرسلہ کے اسپتال منتقل کیاجائے گاتاہم ملیا کے گھر والوں نے اس پر اعتراض کیااور ایسا کرنے سے انکار کردیا۔پولیس ان سے بات کرہی رہی تھی کہ ملیا کا بھتیجہ راجو نے اس کی نعش کو کندھے پر ڈالتے ہوئے اس کو شمشان گھاٹ لے جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اس کو ایسا کرنے سے روک دیا۔

گھر والوں نے پولیس کو بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے سے ملیا کی موت ہوگئی ہے۔اس کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملیا کی مو ت پر ان کو کسی پر شبہ بھی نہیں ہے۔ان کے ارکان خاندان لاش کوشمشان گھاٹ لے جانے پر بضد تھے تاہم ملیا کے ارکان خاندان کو کافی سمجھانے کے بعد انہوں نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے لاش کو منتقل کرنے کی اجازت دی۔ پولیس نے ملیا کی مشتبہ موت کا معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔ملیا کی بیوی نے پولیس سے کہا کہ اس کے شوہر نے رات میں اپنے گھروالوں کے ساتھ بیٹھ کر کھاناکھایا تھا تاہم صبح میں دیکھنے پر پتہ چلا کہ اس کی موت ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button