ایجوکیشن

گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں اینٹی نارکوٹکس و چائلڈ سیفٹی آگہی پروگرام کا انعقاد

گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں اینٹی نارکوٹکس و چائلڈ سیفٹی آگہی پروگرام کا انعقاد

حیدرآباد: (اردو لیکس بیورو)گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں آج اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک اہم شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ کو منشیات، گٹکا، پان مصالحہ، چھالیہ اور الکوحل کے مضر اثرات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ پروگرام میں صحت کے مسائل، کینسر جیسے جان لیوا امراض اور نوجوان نسل پر ان کے تباہ کن اثرات کا خصوصی تذکرہ کیا گیا۔

 

پروگرام کی خاص بات چائلڈ سیفٹی پروٹوکول اور سائبر سیفٹی سے متعلق تفصیلی رہنمائی تھی۔ مقررین نے بتایا کہ کس طرح نامعلوم لنکس، فراڈ کالز، اور آن لائن گیمز کے ذریعے سائبر مجرم بچوں اور والدین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں لوگ مالی نقصان کا شکار ہو چکے ہیں۔ طلبہ کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ موبائل فون استعمال کرتے وقت کسی بھی مشکوک لنک کو نہ کھولیں اور والدین کی نگرانی میں ہی آن لائن سرگرمیاں انجام دیں۔

 

پولیس ڈیپارٹمنٹ سے تشریف لائے ہوئے سربراہ دیوندر صاحب نے اپنے خطاب میں طلبہ کو منشیات سے دور رہنے، آن لائن دھوکے بازوں کی چالوں سے باخبر رہنے اور چائلڈ سیفٹی قوانین پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ ان کے ہمراہ سرکل انسپکٹر ناگاراجو صاحب اور دیگر پولیس عملہ بھی موجود تھا۔

 

اس موقع پر صدر مدرس شاہد علی حسرت نے طلبہ کو گٹکا، پان مصالحہ اور سگریٹ کے جسمانی و ذہنی نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اجنبی شخص اگر کھانے کی کوئی چیز دے تو اسے ہرگز قبول نہ کریں۔ انہوں نے بالخصوص طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی حفاظت کے لیے اساتذہ کے ساتھ محکمہ پولیس بھی ہمہ وقت کوشش کر رہا ہے۔

 

پروگرام میں مجلس اتحاد المسلمین کے معزز رہنما سید حاجی صاحب نے بھی طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بری صحبت سے بچنا ہر نوجوان کی ذمہ داری ہے۔ طلبہ کو چاہئے کہ گھر جا کر والدین اور رشتہ داروں کو بھی انہی مضر عادات کے نقصانات سے آگاہ کریں تاکہ سماج میں صحت مند ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔

 

تقریب میں اساتذہ قدسیہ سلطانہ، شگفتہ، یاسمین، عرفانہ انجم، میمونہ بیگم، سمرین فاطمہ، عبدالوحید، حمیرا فاطمہ، عارفہ بیگم، نجمہ بیگم، سید سلیم الدین، سوری ولیم، نسیم انسا شیخ، رقیہ بیگم سمیت دیگر اسٹاف موجود تھا۔

 

پروگرام کا اختتام طلبہ کے سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا، جس میں پولیس افسران اور اساتذہ نے طلبہ کے ذہنوں میں موجود خدشات کا ازالہ کیا اور انہیں محفوظ، صحت مند اور ذمہ دار زندگی گزارنے کی ترغیب دی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button