غوث نگر ہائی اسکول میں مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات (CEDM) کے ایس ایس سی اسٹڈی سینٹر کا افتتاح ۔
صدر مدرس شاہد علی حسرت نے و اسٹاف نے کیا اظہار تشکر۔

غوث نگر ہائی اسکول میں مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات (CEDM) کے ایس ایس سی اسٹڈی سینٹر کا افتتاح ۔
صدر مدرس شاہد علی حسرت نے و اسٹاف نے کیا اظہار تشکر۔
حیدرآباد، 10 ستمبر (اردو لیکس)
مرکز برائے تعلیمی ترقی اقلیتی طبقات (CEDM)، عثمانیہ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر، بنڈلہ گوڑہ زون، حیدرآباد میں ایس ایس سی خصوصی کلاسز کے اسٹڈی سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا۔
اس افتتاحی تقریب میں صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت نے افتتاحی فیتہ کاٹ کر کلاسز کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اسکول کے تمام اساتذہ اور مہمانانِ گرامی موجود تھے۔
افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت نے CEDM کے ڈائریکٹر جناب اے شکور صاحب، اسپیشل آفیسر پروفیسر اسرار احمد صاحب اور CEDM کے دیگر ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے غوث نگر ہائی اسکول میں اسٹڈی سینٹر قائم کرنے کی منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسٹڈی سینٹر طلبہ کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ اس سے نہ صرف طلبہ کو تعلیمی میدان میں رہنمائی ملے گی بلکہ انہیں ایس ایس سی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مناسب تیاری کا موقع بھی ملے گا۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان خصوصی کلاسز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور محنت و لگن سے تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ اعلیٰ نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کر سکیں۔
صدر مدرس نے اسٹڈی سینٹر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد اقلیتی طلبہ کی تعلیمی سطح کو بلند کرنا ہے۔ انہوں نے اسٹاف اور طلبہ کو اس سینٹر کے فوائد سے آگاہ کیا اور مستقبل میں اس کے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی۔
تقریب سے جناب محمد رفیع صاحب نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر ان کی تعلیمی ترقی کا ذریعہ بنے گا اور انہیں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
جناب سید خالد صاحب نے کہا کہ آج کا دور مسابقتی دور ہے اور اسی طالب علم کو کامیابی حاصل ہوتی ہے جو اس دور کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔
جناب عبدالحفیظ صاحب نے کہا کہ ہر سال کئی طلبہ CEDM کے تحت چلنے والے اسٹڈی سینٹروں سے فائدہ حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اس موقع کو ضائع نہ کریں بلکہ دل لگا کر پڑھائی کریں۔
اس موقع پر اسکول کے اساتذہ محترمہ سمرین فاطمہ، قدسیہ سلطانہ، نسیم النسا، فرحین خاتون، میمونہ بیگم، شگفتہ یاسمین، عرفانہ انجم، اقبال حسین، وحید خان، عبدالتمیم، عبداللہ مظہر اور اعجاز الدین عبید بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اہم تعلیمی پیش رفت کا خیر مقدم کیا۔
اس افتتاحی پروگرام کا اختتام چیئرمین جناب میر صادق علی صاحب کے دعائیہ کلمات پر ہوا۔جماعت دہم کی طالبات صالحہ بیگم نے تمام سے اظہار تشکر کیا اور طلبہ میں خوشی کی لہر دیکھی گئی اور انہوں نے اس موقع پر اپنے جذبے اور عزم کا اظہار بھی کیا۔