حیدرآباد کے گورنمنٹ پرائمری اسکول منڈی میر عالم میں ڈیجیٹل کلاس روم کا افتتاح
گورنمنٹ پرائمری اسکول منڈی میر عالم ٰ بہادر پورہ منڈل میں ڈیجیٹل کلاس روم کا افتتاح
بہادر پورہ منڈل کے گورنمنٹ پرائمری اسکول منڈی میر عالم میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل کلاس روم کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ جدید سہولت CSG نامی غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے قائم کی گئی،جس میں تنظیم کے نمائندے جناب فرہان فاروقی کی تگ و دو اور کاوشوں کا بڑا دخل رہا۔ اس ڈیجیٹل کلاس کا افتتاح ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز جناب رام موہن کے ہاتھوں انجام پایا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ حکومتِ تلنگانہ کی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کرنے میں یہ ڈیجیٹل کلاس روم نہایت معاون ثابت ہوگا۔ ڈیجیٹل سہولت کے ذریعے طلبہ کو جدید معلومات، بصری و سمعی مواد اور جدید تدریسی طریقوں تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے ان کی تعلیمی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
افتتاحی تقریب میں اساتذہ تنظیموں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔ اسٹیٹ ٹیچر یونین کے قائدین سید ندیم اختر اور محمد بخاری کے علاوہ تلنگانہ ٹیچرس یونین کے نمائندے جناب اشفاق راشد اور اظہر احمد موجود رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر معزز اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
شرکاء نے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل کلاس روم طلبہ کی ہمہ جہت تعلیمی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو مزید بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔




