غوث نگر اسکول میں گریجویشن ڈے کی شاندار تقریب -ڈی ای او حیدرآباد محترمہ آر روہنی بطور مہمان خصوصی شریک۔ صدر مدرس شاہد علی حسرت نے کیا مہمانوں کا استقبال ۔

غوث نگر اسکول میں گریجویشن ڈے کی شاندار تقریب
ڈی ای او حیدرآباد محترمہ آر روہنی بطور مہمان خصوصی شریک۔ صدر مدرس شاہد علی حسرت نے کیا مہمانوں کا استقبال ۔
حیدرآباد (نامہ نگار): غوث نگر ہائی اسکول میں سالانہ گریجویشن ڈے نہایت وقار و روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس پُروقار تقریب میں مختلف سرکاری و تعلیمی عہدیداران،یونین کے قائدین اساتذہ، غیر سرکاری تنظیمیں والدین، اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ کے تخلیقی مظاہروں، تقاریر، اور ملی نغموں نے شرکاء کے دل موہ لیے۔
مہمانِ خصوصی محترمہ آر روہنی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) حیدرآباد نے اپنے جامع اور متاثر کن خطاب میں کہا:
> "غوث نگر اسکول محض ایک درسگاہ نہیں بلکہ ایک علمی مرکز ہے جہاں علم، اخلاق اور کردار کی بہترین آبیاری کی جا رہی ہے۔ یہاں کے اساتذہ محدود وسائل میں مثالی کارکردگی پیش کر رہے ہیں، جو واقعی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔”
"طلبہ صرف نمبروں کے پیچھے نہ دوڑیں بلکہ تحقیق، تخلیق اور خدمتِ خلق کو اپنا نصب العین بنائیں۔ تعلیم کو صرف اسکول تک محدود نہ رکھیں، والدین اور اساتذہ مل کر بچوں کی تربیت کریں، تبھی ایک روشن معاشرہ تشکیل پائے گا۔”
تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر آف اسکول بنڈلا گوڑہ II جناب کے دشرتھ اور بنڈلا گوڑہ I کے جناب ایس لکشمن سنگھ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اسکول کی تعلیمی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
> "طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ادارہ مستقبل کے معمار تیار کر رہا ہے۔”
اسٹیٹ ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر جناب محمد افتخارالدین نے کہا:
> "اساتذہ صرف نصاب پڑھانے والے نہیں بلکہ قوم کے معمار ہیں، جو نسلوں کی تعمیر میں لگے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان کی عزت افزائی کریں اور اُن کی رہنمائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں۔ غوث نگر اسکول نے جو مثال قائم کی ہے، وہ حوصلہ افزا ہے۔”
چارمینار منڈل کے صدر جناب محمد اسحاق نے کہا:
> "تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ ایک ایسا شعور ہے جو انسان کو اچھا شہری بناتا ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ علم کے ساتھ اخلاق کو بھی اپنائیں۔ ایسے پروگرام تعلیمی سرگرمیوں کو مہمیز دیتے ہیں۔”
اساتذہ محمد رفیع الدین، سید خالد، حمیرا فاطمہ، عارفہ بیگم نے اپنے خطابات میں طلبہ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ طلبہ صافی تنظیم اور حلیمہ بیگم نے بھی سامعین کو متوجہ کیا اور اسکول میں اپنی تعلیمی جدوجہد کا اظہار کیا اور اسکول کا ان کی تعلیم و تربیت میں کیا کردار ادا کیا اس پر بھر پور روشنی ڈالی ۔
تقریب کی صدارت صدر مدرس شاہد علی حسرت نے کی۔ انہوں نےاپنے خطاب میں کہا: "آج کا دن نہ صرف طلبہ کی کامیابی کا جشن ہے بلکہ یہ اساتذہ کی انتھک محنت کا اعتراف بھی ہے۔ ہم مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔”
> "یہ گریجویشن ڈے محض ایک رسم نہیں بلکہ ایک جدوجہد کی تکمیل کا دن ہے۔ آج جن چہروں پر کامیابی کی چمک ہے، اُن کے پیچھے ہمارے اساتذہ کی راتوں کی نیندیں، والدین کی دعائیں، اور اسکول کی مسلسل جدوجہد شامل ہے۔”
انہوں نے اسکول کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:
> "غوث نگر ہائی اسکول وسائل کی کمی، عمارت کی محدود گنجائش، اور اسٹاف کی قلت جیسے مسائل کے باوجود ایک تعلیمی چراغ کی مانند جلتا آ رہا ہے۔ ہمارے اساتذہ نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ چاہے بارش ہو یا دھوپ، ہر دن وہ بچوں کو بہتر سے بہتر تعلیم دینے میں مصروف رہے۔”
انہوں نے مزید کہا: "ہم نے فرنیچر کے بغیر بھی کلاسیں لی ہیں، پنکھوں کی خرابی میں بھی بچوں کو پڑھایا ہے، لیکن علم کا دیا کبھی بجھنے نہیں دیا۔ آج طلبہ کی کامیابی دیکھ کر لگتا ہے کہ ہماری قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔”
طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "پیارے بچوں!آپ کی کامیابی ہمارا سب سے بڑا انعام ہے۔ یہ اسکول چاہے کتنا ہی سادہ کیوں نہ ہو، اس کی فضا میں محبت، محنت، اور خلوص بسا ہوا ہے۔ آج آپ یہاں سے نکل کر جب دنیا میں قدم رکھیں گے تو اس خلوص کو ساتھ لے جانا، یہی آپ کا اصل سرمایہ ہے۔”
آخر میں انہوں نے اساتذہ، والدین، اور محکمہ تعلیمات کے اعلی افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "اگر ہم سب اسی جذبے سے ساتھ چلتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب غوث نگر ہائی اسکول شہر کے مثالی اداروں میں شمار ہوگا۔ میں ان تمام طلبہ، اساتذہ اور والدین کو دل سے مبارکباد دیتا ہوں جو اس سفر کا حصہ بنے۔”
تقریب کی جھلکیاں:طلبہ نے رنگارنگ خاکے، ملی نغمے، تقریریں، اور معلوماتی مظاہرے پیش کیے۔ اسٹیج سجاوٹ، نظم و ضبط اور نظامت ہر لحاظ سے قابلِ تعریف رہی۔ ہر جماعت کے ساتھ گروپ فوٹو لیے گئے تاکہ یہ لمحات ہمیشہ یاد رہیں۔
آخر میں "ٹیچر آف دی ایئر” اور "ٹیچر آف دی منتھ” کے اعزازات صدر مدرس شاہد علی حسرت کے ہاتھوں پیش کیے گئے۔ اس موقع پر تمام اساتذہ، طلبہ اور مہمانان نے دل کھول کر داد دی اور اسکول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ تقریب نہ صرف غوث نگر بلکہ پورے تعلیمی حلقے کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بن گئی۔
اس موقع پر اساتذہ کرام محمد رفیع ،سید خالد، محمد عبداللہ مظہر ,محمد عبدالتمیم عبدالحفیظ ,محمد عبدالفرید سید سلیم الدین، قدسیہ سلطانہ، اعجازالدین عبید شگفتہ یاسمین، سمرین فاطمہ، میمونہ بیگم، فرحین خاتون، نسیم انسا شیخ ،عرفانہ انجم ،نرسمہا چاری، حمیرا فاطمہ عارفہ بیگم، نجمہ بیگم عطیہ طلعت، ،نازیہ سلطانہ رقیہ فاطمہ، دیویا اکشایہ ،سوری ولیم اسٹینز وہ دیگر موجود تھے۔
جلسے کے کاروائی شاہد علی حسرت اور محمد رفیع نے چلائی، تقریب انعامات حمیرا فاطمہ ، شگفتہ یاسمین اور فرحین خاتون نے منعقد کی اور سید خالد نے اظہار تشکر کیا۔