ایجوکیشن

گلوبل وارمنگ سنگین مسئلہ طلبا میٹرو لوجی شعبہ میں دلچسپی پیدا کریں۔ آئی ایم ڈی سائنسداں کا خطاب

حیدرآباد۔30مئی (پریس نوٹ) گلوبل وارمنگ ایک سنگین مسئلہ ہے جس سے دنیا میں موسموں کا مزاج تبدیل ہورہا ہے اور طوفانوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہورہاہے جس سے بڑے پیمانہ پر تباہی ہورہی ہے۔ اس خیال کا اظہار انڈیا  میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے سائنسداں آنند شرما نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں طالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے طلبا و طالبات کو میٹرو لوجی کے شعبہ کی خصوصیات سے آگاہ کیا اور کہا کہ یہ ایک بہت بہترین پیشہ ہے اور اس سے فطرت سے لگاو ضروری ہے۔ انہوں نے طالبات کو موسم کی پیش قیاسی کے طریقے سکھائے اور ان کی رہنمائی کی کہ اس پیشہ کو اختیار کرنے کے لئے کس طرح کی تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ سائنسداں آنند شرما نے بتایا کہ اس پیشہ سے وابستہ افراد موسم کے بارے میں اپنی پیش قیاسیوں کے ذریعہ لوگوں کی زندگیاں بچاتے ہیں۔ کسانوں کی فصلوں کا تحفظ کرتے ہیں اور کاروبار بچاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی باعزت مقام حاصل ہوتا ہے اور وہ ایک اطمینان بخش زندگی گزارتے ہیں۔ آنند شرما نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی روز مرہ کی زندگی میں اپنے آس پاس کے ماحول میں بھی موسم سے متعلق مختلف تجربات کرسکتے ہیں۔

 

اس کے لئے انہیں کسی تجربہ گاہ کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے موسم کے تعلق سے طالبات کے سوالات کے جواب دیے اور کہا کہ اس شعبہ میں کیریر بنانے کے لئے انہیں ابتدا میں ریاضی اور فزکس جیسے مضامین میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔ اس موقع پر ڈان ہائی  اسکول کے طلبا نے ان کے سامنے روبوٹکس کی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ آنند شرما جو 2013ء میں کیدار ناتھ کے سیلاب کی پیش قیاسی کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ڈان اسکول کے معیار اور طلبا اور طالبات کی صلاحیتوں کی ستائش کی۔ انہوں نے بالخصوص طلبا کے انگریزی کے معیار کی تعریف کی اور کہا کہ ڈان اسکول میں انوکھے طریقہ تعلیم سے ملک کے لئے مستقبل کے اثاثے تیار ہورہے ہیں۔

 

ڈائرکٹر ڈان گروپ  آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے انڈیا میٹرو لوجیکل ڈپارٹمنٹ کے سائنسداں کا اسکول آمد پر شکریہ ادا کیا۔ دسویں جماعت کی طالبات ضحیٰ بسم اللہ اور معاویہ نے کارروائی چلائی۔ اس موقع پر کے ایل اسکول کرما گوڑہ کے بانی وحید انصاری ، سماجی کارکن اور ماہر تعلیم وجئے کمار اور دیگر موجود تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button