ایجوکیشن

کیئر اسکول کرماگوڑہ میں سائنس انوویشن شو

حیدرآباد۔ 30 جنوری (راست) حیدرآباد کے پرانے شہر میں معاشی اعتبار سے کمزور طبقات کے لئے چلائے جانے والے ایک منفرد اسکول کیئر (KARE) میں سائنس انوویشن شو کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف سرگرمیوں کو پیش کیا گیا اور طلبہ نے اپنی غیرمعمولی صلاحیتیں اور ذہانت کا مظاہرہ کیا۔ مختلف اسکولس کے ذمہ داران نے اس شو میں حصہ لیا اور طلبہ کی کارکردگی کی ستائش کی۔

 

اس موقع پر طلبہ نے ہاتھ سے بنی اشیاء، کھانے پینے کی صحت مند چیزوں، سائنسی تجربات کے علاوہ ریاضی کے مضمون میں اپنی ذہانت اور تلگودانی کا مظاہرہ کیا۔ اس شو سے قبل حیدرآباد کے مشہور تلگو ٹیچر صمد سر نے طلبہ کو محض 4 گھنٹوں میں تلگو بول چال سکھائی۔ منہاج سر ریاضی کے بنیادی کانسپیٹ سکھائے۔ طلبہ نے اس موقع پر پارلیمنٹ کی کارکردگی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ بینک کی کارکردگی سے واقف کرانے اور طلباء و طالبات میں بچت کا رجحان پیدا کرنے کے لئے اسکول میں قائم شدہ بینک کی تفصیلات کا عملی مظاہرہ کیا۔ ڈائریکٹر ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم، ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس، بانی امام بخش اسکول ڈاکٹر شمیم سلطانہ، بلڈر بختیار خان، ماہر تعلیم محترمہ اثنیٰ، ڈینٹسٹ ڈاکٹر انس نے طلبہ کی جانب سے قائم کردہ اسٹالس کا مشاہدہ کیا۔ امتیازی مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اسکول کی پرنسپل افشاں بیگم اور بانی کیئر اسکول وحید انصاری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

 

طلبہ نے بعدازاں کرماگوڑہ محلے میں ایک ریالی نکالتے ہوئے جنک فوڈ کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کی۔ کرماگوڑہ کسی وقت فرقہ وارانہ اعتبار سے حساس علاقہ سمجھا جاتا تھا۔ اس محلے میں کیئر اسکول تعلیم کے فروغ کے لئے نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کا اثر محلے میں ہم آہنگی کے فروغ کا باعث بن رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button