میزان کالج آف پیرا میڈکس میں اسکل فیسٹ 2025 کی افتتاحی تقریب

میزان کالج آف پیرا میڈکس میں اسکل فیسٹ 2025 کی افتتاحی تقریب
حیدرآباد(پریس نوٹ)میزان کالج آف پیرا میڈکس مہدی پٹنم میں سالانہ اسکل فیسٹ 2025’کا افتتاح عمل میں آیا۔ جس میں طلبہ، اساتذہ، ماہرین تعلیم، اور صحت کے میدان سے وابستہ معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔یہ پروگرام شوکت علی چیریٹیبل کلینک کے اشتراک سے اور مرحوم محمد شوکت علی کی یاد میں منعقد کیا گیا
۔تقریب کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔کالج پرنسپل زیب النساء بیگم نے مہمانوں کاخیرمقدم کرتے ہوئے اپنے خطاب میں طلبہ کو تلقین کی کہ وہ پیرا میڈکس کے شعبے کو صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت کا مشن سمجھ کر اپنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمدردی، برداشت، اور تحمل اس شعبے کے بنیادی ستون ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسکل فیسٹ 2025کی افتتاحی تقریب نہ صرف تعلیمی لحاظ سے اہم ہے بلکہ یہ طلبہ کے اندر نئی توانائی، عزم، اور اعتماد کا ذریعہ بنی ہے
۔ اور آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ طلبہ کو سیکھنے، سمجھنے، اور آگے بڑھنے کے مزید مواقع میسر آئیں۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر شعیب خان(ڈائریکٹر، SAP کڈنی ٹرانسپلانٹیشن سینٹر، حیدرآباد) نے عالمی سطح پر پیرا میڈیکل کورسیس کی مانگ اور ان سے جُڑے مواقعوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پیرا میڈک صرف ایک اسسٹنٹ نہیں بلکہ ایک مکمل ہیلتھ پروفیشنل ہوتا ہے جو مریض کی مکمل فلاح میں اہم کردار ادا کرتا ہے
۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ مریضوں کے ریکارڈس کی درستگی، علامات کی بروقت تشخیص، اور کونسلنگ جیسے پہلوؤں میں مہارت حاصل کریں تاکہ وہ بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکیں۔مہمان اعزازی روحی بیگم صاحبزادی مرحوم جناب کمال الدین احمد(سابق وزیر برائے سیول سپلائیز، کامرس و انڈسٹریز)نے طلبہ سے کہاکہ وہ مسلسل محنت اور یکسوئی کے ساتھ اپنے اہداف کوحاصل کریں۔انہوں نے کہاکہ ہر نیک نیت قدم منزل کے قریب لے جاتا ہے۔
ڈاکٹر نیاز خان نے طلبہ کو SAP کڈنی ٹرانسپلانٹیشن سینٹر دورہ کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ طلبہ ڈائلیسز کی تکنیک، مریضوں کی دیکھ بھال، اور طبی آلات کے استعمال کا براہ راست مشاہدہ کریں۔معروف ماہر تعلیم محمد رفیع نے موجودہ دور میں پیرا میڈکس کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور تقاضوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صرف علم کافی نہیں، رویہ اور پیشہ ورانہ رکھ رکھاؤ بھی اتنا ہی اہم ہے۔
انہوں نے شخصیت سازی، ٹیم ورک، اور جدید طبی اخلاقیات پر جامع روشنی ڈالی۔میزان کالج کے ڈائرکٹر مختار احمد نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ”تین سی” (Cool, Calm, Composed) اور ”تین ڈی” (Dedication, Devotion, Determination) کو اپنے کردار کا حصہ بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ میزان کالج آف پیرا میڈکس صحت کے شعبے میں اعلیٰ معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کرنے والا ایک ادارہ ہے۔ کالج کا مقصد پیشہ ورانہ طور پر ماہر اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار پیرا میڈیکل اسٹاف تیار کرنا ہے تاکہ صحت کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کسی بھی پیرا میڈک کی پہچان ہوتا ہے۔ آج کے پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی اور متوازن غذا کے ذریعے دائمی امراض کی روک تھام کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔قومی ترانہ کے ساتھ تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔اس موقع پر طلبہ،اساتذہ،سرپرست اوردیگرموجودتھے۔