انٹرٹینمنٹ

بالی وُڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر چل بسے

 

ہندوستانی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار اور بالی وُڈ کے لیجنڈ دھرمیندر کا انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں پیر کی رات انہوں نے آخری سانس لی۔ اُن کی عمر 89 سال تھی۔

 

رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کو سانس سے متعلق شدید تکالیف کے باعث ہاسپٹل میں داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری تھا لیکن حالت اچانک بگڑ گئی اور تمام کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 

اُن کی وفات کی خبر سے پورا بالی وُڈ سوگ میں ڈوب گیا۔ متعدد فلمی شخصیات اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک عہد ختم ہوگیا، دھرمیندر صاحب کی مسکراہٹ ہمیشہ یاد رہے گی

 

دھرمیندر کو آخری مرتبہ دیکھنے کے لئے بالی وُڈ کے کئی اسٹارز ہاسپٹل پہنچے، جن میں شاہ رخ خان، سلمان خان، سنی دیول، بوبی دیول، ہیمامالنی اور ایشا دیول سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

 

دھرمیندر نے 1958 میں فلم "دل بھی تیرا ہم بھی تیرے” سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنی شاندار اداکاری اور منفرد انداز کے باعث وہ جلد ہی ناظرین کے دلوں پر چھا گئے۔

انہوں نے "شعلے”، "چپکے چپکے”، "دھرم ویر”، "سیتا اور گیتا” اور "یادوں کی بارات” جیسی کلاسک فلموں سے بھارتی سنیما میں ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا۔

 

ان کی دلکش شخصیت، پاور فل ڈائیلاگ ڈیلیوری اور اسٹائل نے انہیں "ہی مین آف بالی وُڈ” کا خطاب دلوایا۔دھرمیندر کا انتقال نہ صرف بالی وُڈ بلکہ پورے بھارتی سنیما کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button