دلپ کمار میری روح ہے: دھرمیندر

ممبئی: بالی ووڈ کے عظیم اداکار دھرمیندر اور مرحوم اداکار شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے درمیان کافی گہری دوستی رہی۔ دھرمیندر نے کئی انٹرویوس میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ انڈسٹری میں آنے اور فلموں میں اپنا کیریئر بنانے کی تحریک انہیں دلیپ کمار سے ہی ملی۔ صرف یہی نہیں اگر آپ عظیم اداکار دھرمیندر کا سوشل میڈیا ہینڈل
دیکھیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان کی تقریباً ہر پوسٹ یا تو مرحوم سپر اسٹار دلیپ کمار کو یاد کرتے ہوئے ہے یا پھر ان کی زندگی پر پڑنے والے گہرے اثر کے لیے شکریہ ادا کرنے کے لیے۔لیکن یہ محبت اور احترام صرف ایک طرفہ نہیں تھا۔ دلیپ کمار بھی دھرمیندر کے لیے اتنی ہی محبت رکھتے تھے۔ دونوں کا ایک پرانا انٹرویو جو خالص اردو میں لیا گیا تھااس میں دونوں کے درمیان بہت سا اپنائیت اور ایک دوسرے کے لیے عزت دیکھی جا سکتی ہے۔ آئیے آپ کو اس انٹرویو کے کچھ حصوں کے بارے میں
بتاتے ہیں۔کلرس سینے پلیکس پر نشر ہونے والی اس گفتگو میں دھرمیندر نے اپنے پسندیدہ سینئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا “میں نے پہلے بھی کہا ہے، وہ میری روح ہیں۔ انہی کی بدولت میں اس فلم انڈسٹری میں ہوں۔ وہ ہماری فلمی جنت کے چمکتے سورج ہیں جن کی روشنی سے میں نے اپنی امنگوں کی آگ جلائی ہے۔جب بھی میں مایوس محسوس کرتا ہوں میں بس جا کر انہیں گلے لگا لیتا ہوں اس سے مجھے دوبارہ طاقت ملتی ہے۔ میں دعا
کرتا ہوں کہ ان کی محبت ہمیشہ ہم پر قائم رہے۔ وہ عظیم ہیں اور سچ کہوں تو اتنے عظیم شخص کے بارے میں کیا کہا جا سکتا ہے۔”اس کے بعد دھرمیندر نے واضح کیا کہ ان کا تعلق صرف دوستی سے کہیں آگے تھا۔ اداکار نے کہا تھا “یہ صرف دوستی نہیں ہے، وہ میرے بڑے بھائی ہیں۔ کبھی کبھی تو مجھے یقین ہی نہیں آتا کہ میں ان کے پاس بیٹھا ہوں۔ مجھے کہنا ہوگا کہ ان کے بعد آنے والے ہر اداکار میں چاہے انجانے میں ہی صحیح دلیپ صاحب کے انداز کی ایک جھلک ضرور ملے گی۔
کالج کے دنوں میں، میں نے بھی اپنے بال ان کی طرح بنانے کی کوشش کی تھی اس امید میں کہ کسی دن مجھے مدھو بالا یا کامنی کاشل جیسی اداکاراؤں کے ساتھ اداکاری کرنے کا موقع ملے گا اور کسی طرح، تقدیر نے مجھے ان کے قریب لا دیا شاید یہی اوپر والے کی مرضی تھی۔”



