آرٹی سی کا بمپر آفر۔ حیدرآباد میں بس ٹکٹ پر ڈسکاونٹ

حیدرآباد: حیدرآباد شہر میں جہاں ایک طرف گاڑی مالکین پٹرول اور ڈیزل کے لیے پمپس پر گھنٹوں انتظار کر رہے ہیں وہیں تلنگانہ آر ٹی سی نے مسافروں کے لیے ایک شاندار پیشکش کا اعلان کیا ہے۔
عوامی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے مقصد سے حیدرآباد کے حدود میں چلنے والی لگژری اور ڈیلکس بسوں کے ٹکٹ پر 30 فیصد رعایت دینے کا اعلان آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ناگی ریڈی نے کیا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ ایندھن کی قلت کی افواہوں کے باعث پٹرول پمپس پر وقت ضائع نہ کریں
بلکہ محفوظ آر ٹی سی بسوں میں سفر کریں۔انہوں نے کہا کہ ذاتی گاڑیوں کے مقابلے میں کم خرچ میں اپنی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے اس لیے مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس رعایت سے فائدہ اٹھائیں۔ایم ڈی نے مزید بتایا کہ فی الحال شہر بھر میں 3200 بسیں دستیاب رکھی گئی ہیں اور اگر ہجوم بڑھتا ہے
تو ڈپو میں موجود ریزرو بسوں کو بھی سڑکوں پر لانے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ اہم راستوں پر بسوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے تاکہ لوگ وقت پر اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔



