جلدی سوئیں، جلدی اٹھیں: ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں مشن فجر کا خصوصی اہتمام — مشن فجر چیمپئن 2025 ترغیبات کا اعلان

حیدرآباد۔ 15 نومبر۔پریس ریلیز/ایم ایس ایجوکشن اکیڈیمی میں مشن فجر کا چوتھا سال ایک نئے عزم، مضبوط روحانی جذبے اور عزم کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔ اس موقع پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین محمد لطیف خان نے والدین، اساتذہ اور طلبہ کے نام اپنے اہم پیغام میں مشن فجر 2025 کے خصوصی 30 روزہ اہتمام اور مشن فجر چیمپئن 2025 کی ترغیبات کا باضابطہ اعلان کیا۔ یہ تربیتی مہم 17 نومبر سے 16 ڈسمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اس سال مشن فجر کے ساتھ مشن وضوکا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ روز صبح جلدی اٹھنا اور نمازِ فجر کی پابندی کرنا نہ صرف روحانی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ طلبہ کی شخصیت، نظم و ضبط اور ذہنی یکسوئی پر بھی مثبت اثر ڈالتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مشن باوضو بھی اس مہم کا اہم حصہ ہے، جو بچوں میں ہر وقت پاکیزہ رہنے، اللہ کے قریب رہنے اور زندگی میں طہارت کی عملی اہمیت کو یقینی بناتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے مشن فجر چیمپئن 2025 کے خصوصی انعامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ طلبہ جو پورے 30 دن — بغیر کسی ناغے — نمازِ فجر کی پابندی کریں گے، انہیں مشن فجر چیمپئن 2025 اسپیشل بیج،500روپے کا فیس واؤچر اورسرٹیفکیٹ آف کمیٹمنٹ اینڈ ڈسپلن سے نوازا جائے گا۔محمد لطیف خان نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ یہ مشن صرف طلبہ تک محدود نہیں، بلکہ ایک مشترکہ خاندانی عمل ہے۔ جب بچے اپنے والدین اور اساتذہ کو پابندی سے نماز پڑھتے اور پاکیزگی اختیار کرتے دیکھتے ہیں، تو ان کے اندر یہ عادات پوری زندگی کے لیے پختہ ہو جاتی ہیں۔
اپنےپیغام کے اختتام میں انہوں نے کہا:
“آئیے! ان 30 دنوں کو زندگی بدلنے کا ذریعہ بنائیں۔ جلدی سوئیں، جلدی اٹھیں۔پاک رہیں، محفوظ رہیں۔اللہ ہم سب کو استقامت، قبولیت اور عمل کی توفیق عطا فرمائے۔”ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے والدین، سرپرستوں اور اساتذہ کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس تربیتی مہم میں بھرپور شرکت کرکے نئی نسل کے بہتر مستقبل اور مضبوط کردار سازی میں اپنا کردار ادا کریں۔



